خطبات مسرور (جلد 11۔ 2013ء) — Page 470
خطبات مسرور جلد 11 470 خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ 23 اگست 2013ء اسی طرح جرمنی میں بھی ہال وغیرہ میسر آنے کی وجہ سے بہت سے مستقل انتظامات موجود ہوتے ہیں۔کھانا پکانے کا انتظام کرنا پڑتا ہے۔روٹی وہ لوگ بازار سے لے لیتے ہیں جس کو تازہ روٹی سمجھ کر کھاتے ہیں۔لیکن میرے خیال میں وہ بھی شاید ایک ہفتہ پرانی ہوتی ہے۔بہر حال اگر نہیں ہوتی تو جرمنی والے پیغام پہنچانے میں بڑے تیز ہیں، شام تک مجھے پیغام پہنچ جائے گا کہ تازہ ہوتی ہے کہ نہیں۔اسی طرح باقی دنیا کے جلسوں کے انتظامات کا حال ہے۔لیکن برطانیہ کا جلسہ جو خلافت کی یہاں موجودگی کی وجہ سے اب انٹر نیشنل جلسہ بن چکا ہے، اس کے گزشتہ سال تک توالف سے لے کر یا ء تک تمام انتظامات عارضی انتظامات تھے۔پہلے اسلام آباد میں جو جلسے ہوتے تھے تو وہاں کھانا پکانے کے لئے ایک مستقل انتظام تھا۔اسی طرح کچھ حد تک روٹی کی بھی ضرورت پوری ہو جاتی تھی کہ وہاں اپنی روٹی پکانے کی مشین تھی۔لیکن حدیقۃ المہدی میں جب سے جلسے منتقل ہوئے ہیں، گزشتہ دو تین سالوں سے یہاں شروع ہوئے ہیں تو کھانا بھی یہاں عارضی لنگر میں پکتا تھا کیونکہ اسلام آباد سے کھانا لانے میں یہی تجربہ ہوا تھا کہ دقت ہوتی ہے۔کچھ روٹی اسلام آباد میں پک جاتی تھی اور کچھ بازار سے خریدی جاتی تھی۔لیکن اس وجہ سے بہر حال بہت دقت محسوس ہو رہی تھی۔اس لئے یہاں کونسل کے ساتھ اس بات کی کوشش ہوتی رہی کہ ہمیں حدیقۃ المہدی میں مستقل کچن بنانے کی اجازت مل جائے کیونکہ مارکیاں لگا کر جو عارضی کچن لگانا پڑتا ہے یہ بڑا دقت طلب بھی ہے اور بعض لحاظ سے خطر ناک بھی۔بہر حال کونسل نے اس سال مہربانی کی اور وہاں مستقل کچن کی اجازت مل گئی اور سٹوریج (storage) کے لئے جو شیڈز (sheds) بنے ہوئے تھے وہاں اُن میں ایک بڑے شیڈ (shed) کو بڑے اچھے طریقے سے اندر اور باہر سے ٹھیک کر کے لنگر کا مستقل کچن تیار ہو گیا۔جس میں امید ہے اب حسب ضرورت کھانا انشاء اللہ تعالی پک جائے گا۔لیکن پھر روٹی کا مسئلہ تھا۔جب میں نے اس طرف توجہ دلائی تو یہاں انتظامیہ کو، امیر صاحب وغیرہ کو یہی خیال تھا کہ حسب سابق جس طرح بازار سے روٹی خریدتے ہیں، یا کچھ اسلام آباد سے پک کے آ جاتی ہے، وہی ہو۔اُن کو میں نے کہا کہ نئی مشین لگا ئیں تو اُس کے خرچ کی وجہ سے ان کے کچھ تحفظات تھے لیکن بہر حال جب میں نے کہا مرکز آپ کو قرض دے دیتا ہے تو پھر ان کو تھوڑی سی غیرت آ گئی اور انہوں نے خرچ کر لیا تو اللہ تعالیٰ کے فضل سے لبنان سے روٹی پلانٹ منگوایا گیا اور پاکستان سے ہمارے ایک مخلص احمدی دوست ہیں جنہوں نے وہاں لبنان جا کر یہ مشین خریدی اور یہاں آ کر لگائی بھی۔ابھی بھی وقت دے رہے ہیں۔ان کو قادیان اور ربوہ میں بھی مشین لگانے کا تجربہ تھا۔اس لئے بڑے احسن طریقے سے یہاں یہ کام ہو گیا۔