خطبات مسرور (جلد 10۔ 2012ء) — Page 747
خطبات مسرور جلد دہم 747 49 خطبه جمعه فرمودہ مورخہ 7 دسمبر 2012ء خطبہ جمعہ سیدنا امیر المومنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفة المسح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ مورخہ 7 دسمبر 2012ء بمطابق 7 فتح 1391 ہجری شمسی بمقام ہیمبرگ (جرمنی) تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: میں نے کچھ عرصہ سے وقتاً فوقتاً صحابہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی روایات کا بیان شروع کیا ہوا ہے۔پہلے تو مجموعی روایات شروع میں لی تھیں۔پھر خیال آیا کہ مختلف عناوین کے تحت بیان کروں۔سو یہ سلسلہ گزشتہ کئی ماہ سے بلکہ سال سے زیادہ عرصہ سے چل رہا ہے۔آج بھی میں اس کے تحت صحابہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی وہ روایات جو ان کی اپنی رؤیا و کشوف کے بارے میں ہیں، وہ بیان کروں گا۔جو اصل میں تو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی صداقت ثابت کرنے کے لئے ہیں۔یا ایمان اور یقین میں بڑھانے کے لئے ہیں اور بیان کرنے کا مقصد بھی یہی ہے کہ ہمارے اندر بھی وہ ایمان اور یقین پیدا ہو، وہ تعلق باللہ پیدا ہو اور ہم لوگ بھی خدا تعالیٰ کے ساتھ ایسے سچے تعلق کو قائم کرنے والے بن جائیں جس کو پیدا کرنے کے لئے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام ہم میں تشریف لائے تھے۔کیونکہ مختلف رنگ میں یہ روایات بیان ہو رہی ہوتی ہیں اور بعض دفعہ مختلف جگہوں میں بیان ہوئی ہیں اس لئے عموماً میری کوشش یہی ہوتی ہے کہ دوبارہ بیان نہ ہوں، چیک تو کروایا جاتا ہے لیکن بہر حال بعض ہوسکتا ہے دوبارہ بھی آجائیں۔پہلی روایت حضرت سردار کرم داد خان صاحب رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی ہے جنہوں نے 1902ء میں بیعت کی تھی اور اُسی سال حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی زیارت بھی کی۔کہتے ہیں کہ میں نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کو بیعت کرنے سے پہلے خواب میں دیکھا۔وہ اس طرح کہ ایک سڑک ہے جس پر حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام مل کر ٹہلتے آ رہے ہیں۔