خطبات مسرور (جلد 10۔ 2012ء) — Page 746
خطبات مسرور جلد دہم 746 خطبه جمعه فرمودہ مورخہ 30 نومبر 2012ء شوگر مل کے شعبہ کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ تھے، وہاں زعیم انصار اللہ تھے، سیکرٹری رشتہ ناطہ تھے، نگران کمیٹی بیت الذکر گیسٹ ہاؤس ، مربی ہاؤس بھی تھے۔پنجوقتہ نماز با جماعت ادا کرتے۔پھر گھر کھانا کھا کر دفتر جاتے تھے۔ظہر کی نماز پر بھی پہلے نماز ادا کرتے پھر دفتر جاتے۔تہجد گزار تھے۔کہتے ہیں مربی ہاؤس مسجد کے ساتھ ہی ملحق تھا۔مربی صاحب کہتے ہیں کہ کئی دفعہ تنہائی میں مجھے عبادت کرنے کا جب بھی کبھی خیال آیا، میں کوشش کرتا تھا لیکن ہمیشہ جب بھی میں نے کوشش کی کہ فجر سے پہلے جا کے کچھ نفل پڑھوں مسجد میں تو ہمیشہ نصرت محمود صاحب کو وہاں موجود پایا۔اللہ تعالیٰ کے حضور رو رو کر دعا کر رہے ہوتے تھے۔اپنی آمدنی کے مطابق صحیح بجٹ بنواتے تھے، چندہ کی بروقت ادائیگی کرتے تھے۔صدقہ وخیرات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے۔غرباء اور ضرورتمندوں اور معذوروں کا خیال رکھتے۔اسی طرح صفائی پسند بھی بہت تھے۔جہاں اپنی صفائی کا خیال رکھتے وہاں گیسٹ ہاؤس وغیرہ کی صفائی کا بھی بہت خیال رکھتے اور مربی صاحب کہتے ہیں میرے ساتھ جاتے تھے تو کبھی کوئی دنیاوی باتیں نہیں کیں۔ہمیشہ دعوت الی اللہ اور جماعت کے حوالے سے باتیں کیا کرتے تھے۔اپنی گاڑی جماعتی کاموں کے لئے ، غریب بچیوں کی شادی کے لئے پٹرول ڈلوا کر دیا کرتے تھے۔آتے جاتے اگر کسی غریب کو لفٹ کی ضرورت ہوتی تو دے دیا کرتے۔کہتے ہیں کبھی میں نے اُن کو غصہ میں نہیں دیکھا۔ایک غیر احمدی اُن کا ورکر تھا اُس نے بتایا کہ پچیس سال سے نصرت صاحب کے ساتھ کام کر رہا ہوں، زندگی میں کبھی بھی مجھے نہیں ڈانٹا اور کبھی ناراض نہیں ہوئے۔اپنے جو ماتحت کام کرنے والے تھے اُن کو ہر عید پر نئے کپڑے اور عیدی تحفہ ضرور دیتے تھے۔خلافت سے گہری محبت تھی۔خطبہ ہمیشہ لائیو سنتے اور سیر کے دوران پھر اُس پر بتاتے کہ آج یہ کہا گیا ہے اور ان باتوں کی تلقین کی گئی ہے۔ہمیشہ دین کو دنیا پر مقدم رکھنے کی تلقین کرتے۔اسی طرح کسی موقع پر اگر کہیں جانا ہوتا تو پہلے مربی صاحب اور اُن کی فیملی کو اپنی گاڑی پر، کار پر چھوڑ کر آتے ، پھر اپنی فیملی کو لے کر دوبارہ جاتے اور دعوتوں پر غرباء کوضرور بلاتے۔اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرماتا چلا جائے اور ان کی اولا د کو بھی ان کی نیکیوں کو جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔اللہ تعالیٰ پاکستان میں بھی ہر احمدی کو دشمنانِ احمدیت کے ہر شر سے محفوظ رکھے اور اپنا خاص فضل فرماتے ہوئے اب انہیں فتح و نصرت کے جلد نظارے دکھائے۔جیسا کہ میں نے کہا ہے ان دنوں میں دعاؤں پر بہت زور دیں۔الفضل انٹرنیشنل مورخہ 21 تا 27 دسمبر 2012 جلد 19 شماره 51 صفحه 5 تا 8 )