خطبات مسرور (جلد 10۔ 2012ء)

by Hazrat Mirza Masroor Ahmad

Page 141 of 872

خطبات مسرور (جلد 10۔ 2012ء) — Page 141

خطبات مسرور جلد دہم 141 10 خطبه جمعه فرمودہ مورخہ 9 مارچ 2012ء خطبہ جمعہ سیدنا امیرالمومنین حضرت مرزا مسرور احمدخلیفہ المسح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ مورخہ 09 مارچ 2012 ء بمطابق 109 امان 1391 ہجری شمسی بمقام مسجد بیت الفتوح - مورڈن - لندن تشہد وتعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: انبیاء دنیا میں بندے کو خدا کے قریب کرنے کے لئے، بندے کو اللہ تعالیٰ کی عبادت کرنے والا بنانے کے لئے، بندے کو اللہ تعالیٰ کی بتائی ہوئی تعلیم پر چلانے کے لئے آتے ہیں۔اور ان سب انبیاء میں سے کامل اور مکمل تعلیم لے کر ہمارے آقا و مولیٰ حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم آئے۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے او پر اتری ہوئی تعلیم کو دنیا میں پھیلانے کا حق ادا کر دیا۔جو پیغام لے کر آئے تھے اُس کو دنیا میں پھیلانے کا ایسا حق ادا کیا کہ جس کی کوئی مثال نہیں۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے عرب کے بدوؤں کو بھی پیغام حق پہنچایا۔غلاموں کو بھی پیغام حق پہنچایا۔رؤوساء مکہ کو بھی پیغام حق بغیر کسی خوف کے پہنچایا اور بڑے بڑے بادشاہوں کو بھی پیغام حق پہنچا کر خدا تعالیٰ کی عبادت کا حق ادا کرنے کی طرف توجہ دلائی۔اور پھر اس عظیم کام کو آپ کے صحابہ نے بھی دنیا تک پہنچایا اور پھر چودہ سو سال بعد اللہ تعالیٰ نے اپنے وعدے کے مطابق آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے غلام صادق حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کو مبعوث فرمایا۔جنہوں نے پھر اس عظیم کام کی تجدید کی اور دنیا کو خدا تعالیٰ کی طرف بلایا۔دنیا کو بتایا کہ اللہ تعالیٰ کی راہ کس طرح تلاش کرنی ہے ، کس طرح اُس تک پہنچا جا سکتا ہے۔اور اگر اللہ تعالیٰ کی تلاش ہے، اُس تک پہنچنے کی خواہش ہے تو اب صرف اور صرف مذہب اسلام ہے جو اللہ تعالیٰ تک پہنچاتا ہے۔پھر آپ نے غیر مذہبوں کو بھی یہی دعوت دی۔اپنی ایک نظم کے ایک مصرعے میں آپ فرماتے ہیں: آؤ لوگو کہ یہیں نور خدا پاؤ گے آئینہ کمالات اسلام روحانی خزائن جلد 5 صفحہ 225)