خطبات محمود (جلد 8)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 40 of 558

خطبات محمود (جلد 8) — Page 40

40 میں کوئی تنخواہ نہیں لونگا۔پیدل چلوں گا۔زمین میرا بچھونا اور آسمان میرا لحاف ہو گا اور درختوں کے پتے کھا کر گزارہ کروں گا۔باہر بعض لوگوں نے ان شرائط کو سن کر ہنسی کی۔مگر حضرت صاحب نے ان شرائط کو پسند فرمایا اور کہا کہ اسلام کو ایسے ہی لوگوں کی ضرورت ہے۔میں نے اس واقعہ کا ذکر کر دیا ہے کہ زندگیاں وقف کرنے کا طریق حضرت صاحب ہی نے چلایا ہے۔ہم تو آپ کے کاموں کو چلانے والے یا حضور کی منشاء کی تفصیل کرنے والے ہیں۔یہی اسلامی طریق تھا۔اس کے لئے ہمارے احباب کو تیار ہونا چاہیے۔اس سکیم کے ماتحت کام کرنے والوں کو ہر ایک اپنا کام آپ کرنا ہو گا۔اگر کھانا آپ پکانا پڑے گا تو پکائیں گے۔اگر جنگل میں سونا پڑے گا تو سوئیں گے۔جو اس محنت اور مشقت کو برداشت کرنے کے لئے تیار ہوں۔وہ آئیں ان کو اپنی عزت اپنے خیالات قربان کرنے پڑیں گے۔ایسے لوگوں کی محنت باطل نہیں جائے گی ننگے پیروں چلیں گے۔جنگلوں میں سوئیں گے۔خدا ان کی اس محنت کو جو اخلاص سے کی جائے گی ضائع نہیں کرے گا۔اس طرح جنگلوں میں ننگے پیروں پھرنے سے ان کے پاؤں میں جو سختی پیدا ہو جائے گی وہ حشر کے دن جب پل صراط سے گزرنا ہو گا۔ان کے کام آئے گی مرنے کے بعد ان کو جو مقام ملے گا وہ راحت و آرام کا مقام ہوگا اور یہ وہ مقام ہوگا جہاں کے رہنے والے نہ بھوکے رہیں گے نہ پیا ہے۔یہ چند دن کی بھوک اور یہ چند دن کی پیاس اس انعام کے مقابلہ میں کچھ بھی نہیں۔تم لوگوں نے چندے دیکر اخلاص ثابت کیا ہے۔لیکن تیار ہو جاؤ کہ اب جان کے مطالبے ہوں گے۔یاد رکھو حضرت مسیح موعود علیہ السلام مهدی اور مسیح ہی نہیں بلکہ کرشن بھی ہیں۔یعنی آپ ہندوؤں کے لئے بھی ہادی ہیں۔اب ہم ان میں تبلیغ شروع کریں گے۔اور جب تک ہم ہندوؤں میں تبلیغ نہ کریں حضرت مسیح موعود کرشن کیسے ثابت ہو سکتے ہیں۔حضرت مسیح موعود مسیح ہیں۔آپ کی جماعت کو مسیحیوں پر غلبہ ملے گا۔آپ مہدی ہیں مسلمانوں کو دوبارہ ہدایت آپ کے ذریعہ ملے گی۔آپ کرشن ہیں ہندوؤں میں آپ کی جماعت کو غلبہ اور آپ کی قبولیت پھیلی گی۔ہمارے لئے حق پھیلانے کی راہیں کھل رہی ہیں۔ہم ہندوؤں میں کام کریں گے۔اور وحشیوں تک میں دین پھیلائیں گے۔یہ سخت مقابلہ کا وقت ہے۔ہماری جماعت کے لوگ آگے بڑھیں۔پس میں اس اعلان کے ذریعہ یہاں کے احباب کو پہلے اور پھر بیرو نجات کے احباب کو کہتا ہوں کہ وہ اس موقع پر قربانیاں کریں اور اپنی درخواستیں بھجوا دیں۔تاکہ جلد سے جلد کام شروع ہو۔اللہ تعالیٰ ہمیں توفیق دے کہ ہم اس مقابلہ میں کامیاب ہوں اور ہمارے ذریعہ حق پھیلے۔اور ہم اس عہد کو پورا کریں۔جو ہم نے مسیح موعود کے ہاتھ پر کیا ہے کہ ہم دین کو دنیا پر مقدم کریں گے۔