خطبات محمود (جلد 8)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 451 of 558

خطبات محمود (جلد 8) — Page 451

451 مهدی تھے۔حضرت عثمان بھی مہدی تھے۔حضرت علی بھی مہدی تھے۔حضرت خلیفہ اول بھی مہدی تھے اور میں بھی مہدی ہوں اگر کوئی حضرت ابو بکر حضرت عمر حضرت عثمان حضرت علی حضرت خلیفہ اول پر بعض علامات کی بنا پر مہدی والی پیشگوئی چسپاں کرتا ہے تو وہ مجھ پر بھی چسپاں ہوتی ہے کیونکہ لکھا ہے کہ وہ ۳۶ سال کی عمر میں خلافت کرے گا۔اور یہ بات سوائے میرے اور کسی پر چسپاں نہیں ہوتی۔تو کوئی خلیفہ ایسا نہیں جو مہدی نہیں۔مگر پھر بھی ہم اس پر زور نہیں دیتے۔کیونکہ جب ہم یہ کہتے ہیں کہ حضرت ابو بکر خلیفہ ہیں۔حضرت عمرؓ خلیفہ ہیں۔حضرت عثمان خلیفہ ہیں۔حضرت علی خلیفہ ہیں تو ساتھ ہی یہ بھی تسلیم کرتے ہیں کہ اس حدیث کے ماتحت وہ بھی مہدی تھے۔اس پر خاص زور دینے کی ضرورت نہیں اور خاص کر ایسے زمانہ میں جب کہ یہ بحث ہو رہی ہو کہ مہدی اور مسیح ایک ہی ہے اس پر زور دینا اس بات کو مشتبہ کرنا ہے جس پر جنگ ہو رہی ہے۔پس اس مہدویت کے علاوہ جو خلافت سے تعلق رکھتی ہے۔مسیح موعود کے سوا کسی کے لئے کوئی موعودہ مہدویت نہیں ہو سکتی۔کیونکہ وہ مہدیت دعوے سے تعلق رکھتی ہے اور مہدویت اور مجددیت میں فرق ہی یہ ہے کہ مجددیت کسی خاص انسان کے لئے نہیں ہوتی۔اس کے متعلق تو یہ کہا گیا ہے کہ مجدد تجدید دین کرتا رہے گا۔یہ نہیں کہا کہ فلاں مجدد ہو گا اس لئے اگر کوئی مجدد مجددیت کا دعوی بھی نہ کرے بلکہ اسے پتہ بھی نہ ہو کہ میں مجدد ہوں تو بھی وہ مجدد ہو سکتا ہے لیکن جس کے متعلق پیشگوئی ہو کہ ان ان علامات کے ساتھ ہو گا وہ ہو اور دعوی نہ کرے یہ نہیں ہو سکتا۔اور دعوے کے لئے یہ شرط ہے کہ وہ ان علامات کو جو بیان کی گئی ہوں اپنے اوپر چسپاں کرے۔یہ دعوی نہیں جس طرح میں نے بھی کہہ دیا ہے کہ میں بھی مہدی ہوں دعوے یہ ہیں کہ اس منصب پر زور دے اور لوگوں کے سامنے اس کا مدعی بن کر پیش کرے۔مگر حضرت خلیفہ اول نے نہ اس طرح دعوی کیا نہ لوگوں کے سامنے پیش کیا اگر کوئی علامت آپ پر چسپاں ہوتی ہے تو اس کے صرف یہ معنی ہیں کہ ایسا خلیفہ ہو گا۔نہ یہ کہ آپ وہ مہدی تھے جس کا وعدہ دیا گیا تھا۔پس ایسے وقت میں جب کہ دنیا سے اس بات پر جنگ کی جارہی ہے مسیح اور مہدی ایک تھے کس قدر نادانی اور جہالت ہے۔اگر ہم اس بحث کو خود خراب اور مشتبہ کر دیں۔تو اس وقت دوسری بات جو میں کہنا چاہتا ہوں وہ اس بات کا ازالہ ہے کہ حضرت خلیفہ اول باوجود اپنے علم و فضل تقویٰ و طہارت بزرگی اور برتری کے بحیثیت خلیفہ تو مہدی تھے مگر وہ مہدی جس کی خبر مسیح موعود کے زمانہ میں آنے کی دی گئی ہے وہ نہیں تھے بلکہ مہدی کے خادموں میں سے ایک خادم تھے۔اور جو بھی رتبہ آپ کو حاصل ہوا وہ اسی