خطبات محمود (جلد 8)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 295 of 558

خطبات محمود (جلد 8) — Page 295

295 زمین میں غلہ بکھیرنے کی کیا ضرورت ہے۔خدا نے جتنا غلہ پیدا کرنا ہے۔اس میں سے اتنا کم پیدا کر دے۔جتنا بیج کے لئے ڈالا جاتا تھا۔اور باقی کا دے دے تو کیا اس کی یہ بات مانی جائے گی۔ہرگز نہیں۔کیونکہ خدا تعالیٰ کی سنت یہی ہے کہ پہلے خرچ کراتا ہے اور پھر اس سے کئی گنا زیادہ واپس کر دیتا ہے یوں تو ایک ایک دانہ جو زمیندار ڈالتا ہے اس کے بدلے سو سو بلکہ اس سے بھی زیادہ دانے دیتا ہے لیکن اگر کوئی دانہ ہی نہ ڈالے تو اس کو سو کی بجائے ایک بھی نہیں دے گا۔پس خدا تعالٰی کمی کو پورا کیا کرتا ہے۔مگر پہلے ان چیزوں کو نکلوا لیتا ہے جو انسان کے پاس ہوتی ہیں۔میں اس بات کو مانتا ہوں اور سب سے زیادہ مانتا ہوں کہ دعا سے کام ہوتا ہے لیکن قبولیت دعا کے لئے یہ ضروری ہے کہ خود انسان پہلے محنت کرے اس کے بعد دعا کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی طرف سے اس کی کمی کو پورا کر دیا جاتا ہے جب تک یہ نہ ہو کوئی کام نہیں ہو سکتا۔ہم چاہتے ہیں کہ اسلام دنیا میں پھیل جائے اور صداقت پر لوگ جمع ہو جائیں لیکن اگر اس لڑائی کے لئے جن ہتھیاروں کی ضرورت ہے۔جب تک ہم ان کو مہیا نہ کریں۔کیسے کامیاب ہو سکتے ہیں بہر حال ہمیں وہ ہتھیار اور سامان مہیا کرنے چاہئیں۔خواہ وہ دشمن کے مقابلہ میں کتنے ہی تھوڑے کیوں نہ ہوں اور اپنی ساری قوت اور طاقت اس کے لئے صرف کر دینی چاہئے۔جب ہم ایسا کریں گے تو خدا تعالٰی کی مدد اور نصرت ہمارے لئے نازل ہو گی۔اور ہم ہر میدان میں فتح یاب ہوں گے۔مجھے ایک واقعہ یاد کر کے حیرت کے ساتھ ہنسی بھی آتی ہے اور افسوس بھی ہوتا ہے۔جب روس نے بخارا پر فوج کشی کی تو امیر بخارا نے علماء و عمائدین کو جمع کیا اور پوچھا اس وقت کیا کرنا چاہئے۔روس کی طرف سے یہ یہ شرائط پیش کی گئی ہیں اور یہ مفید ہیں۔ان سے صلح کر لینی چاہئے۔کیونکہ روسیوں کی تعداد زیادہ اور ان کے پاس سامان جنگ بہت ہے ہم ان کا مقابلہ نہیں کر سکیں گے۔علماء نے جو آج کل کے مولویوں ہی کی طرح کے ہوں گے۔اس کی مخالفت کی۔اور مقابلہ کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔چنانچہ صلح کا پیغام مسترد کر دیا گیا۔اور تیاریاں شروع ہو گئیں۔علماء اور ان کے توابع جمع ہو گئے۔تلواریں اور نیزے اور بھالے اٹھالئے اور قرآن کریم کی آیتوں کو بطور منتر پڑھتے ہوئے روسیوں کے مقابلہ کے لئے میدان میں نکلے۔مگر جب ان کے جواب میں روسی فوج نے گولہ باری شروع کی۔تو علماء سحر سحر جادو ہے۔جادو ہے۔کہتے ہوئے پیچھے کو بھاگے۔اس کے بعد روس نے بخارا کے ساتھ وہی سلوک کیا جو فتح یاب دشمن کیا کرتا ہے۔یہ کس بات کا نتیجہ تھا۔