خطبات محمود (جلد 7) — Page 26
۲۶ ہاں ایسا بھی ہوتا ہے کہ بعض تائید کے لئے آنی حوادث بھی ہوتے ہیں۔اور بعض پھلوں کو پیدا کرنے کے لئے عارضی ذرائع سے کام لیا جاتا ہے۔جس سے وہ درخت پھل لاتے ہیں۔اگر ان عارضی ذرائع کو بھی دور کر دیا جائے تو پھل نہیں مل سکتے۔یہ تجربہ شدہ بات ہے کہ ان عارضی ذرائع سے گرمی کے پھل سردی میں پیدا کئے جاسکتے ہیں۔اور سردی کے گرمی میں۔غرض خواہ طبعی ذرائع سے کام لیا جائے یا غیر طبعی سے۔نتیجہ مفید ہو سکتا ہے۔اگر طبعی یا غیر طبعی ذرائع کو چھوڑ دیا جائے۔تو پھر وہ بات حاصل نہیں ہو سکتی۔ان قواعد کو دیکھ کر جب زمانہ کی حالت کو دیکھتے ہیں۔تو وہ زمانہ بھی کام کے لئے مفید ہوتا ہے۔جب کسی قدر حوادث ہوں۔مثلاً ہم نے اگر ایک گنا اکھیڑنا ہو تو ہم ایک دفعہ دائیں سے بائیں کو ایک دفعہ بائیں سے دائیں کو ہلائیں گے اور تیسری دفعہ اوپر کو جھٹکا دیکر گنے کو نکال لیں گے۔لیکن اگر دائیں بائیں ہلا کر چھوڑ دیں اور کہیں کہ چند روز کے بعد اگر نکال لیں گے تو ہمیں پہلے جتنا ہی زور لگانا پڑے گا۔کیونکہ اس میں جو کمزوری پیدا ہو گئی تھی وہ اب چند دن کے وقفہ سے دور ہو گئی اور اس کی جڑیں مضبوط ہو گئیں۔اسی طرح ہم دنیا کو دیکھتے ہیں کہ حوادث ارضی و سماوی سے خوب ہلا دی گئی ہے اگر ہم اس وقت تھوڑی کوشش بھی کریں۔تو اپنے کام میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ورنہ اگر ہماری طرف سے ستی رہی تو خدا تعالیٰ ہمیشہ اپنے بندوں کو مصیبت میں رکھنا پسند نہیں کرے گا۔یہ مصیبتیں اس لئے ہیں کہ ہم لوگوں کو ہدایت کی طرف بلائیں اور وہ خدا کے فضلوں کے وارث بنیں۔اگر ہمارے کام میں سستی ہوئی تو خدا اپنے بندوں کو عذابوں سے ہلاک نہیں کرے گا۔ہم اسلام کی طرف دیکھتے ہیں۔اسلام نے ترقی کی اور اس زمانہ میں جوش و خروش سے کی جو نبی کریم صلی اللہ علیہ سلم کے قریب کا زمانہ تھا۔اس زمانہ میں جہاں جہاں مسلمان گئے قوموں کی قومیں مسلمان ہوتی چلی گئیں۔ایران میں مسلمان گئے۔تمام ایرانی قوم مسلمان ہو گئی اور صرف پانچ سات لاکھ پارسی بچ گئے۔جن کا وجود اب تک چلا آتا ہے۔ساری قوم کے مقابلہ میں ان کی کتنی کم تعداد تھی۔مگر ساری قوم اتنے تھوڑے عرصہ میں مسلمان ہو گئی لیکن وہ تھوڑے سے لوگ جو بیچ گئے اور جن کی تعداد چند لاکھ تھی وہ آج تک اسی اپنے قدیم مذہب پر قائم ہیں۔اسی طرح مصر میں قبطی ہیں۔جو فرعونی نسل سے ہیں جو ایک وقت میں عیسائی ہو گئے تھے۔ان کی قوم کا بیشتر حصہ ابتداء میں مسلمان ہو گیا۔مگر جو باقی ہیں وہ اب تک عیسائی ہی ہیں۔اسی طرح ہندوستان میں جب اسلام آیا جو لوگ قبیلوں کے قبیلے مسلمان ہو گئے اس وقت ہو گئے مگر آج ایک ہندو کو بھی اسلام منوانا مشکل ہے۔