خطبات محمود (جلد 3)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 287 of 724

خطبات محمود (جلد 3) — Page 287

خطبات محمود ۲۸۷ جلد سوم ایک بڑا مالدار خدا کا منکر ہو جاتا ہے، ایک بڑا عالم خدا تعالیٰ کی ہستی کا انکار کر دیتا ہے حالانکہ بڑے مالدار کے معنے ہیں دوسروں کا بہت زیادہ محتاج اور بڑے عالم کے معنے ہیں دوسروں کی زیادہ احتیاج رکھنے والا۔انسانی احتیاجوں میں سے ہی ایک احتیاج نکاح کی ذمہ داریاں ہیں۔نر و مادہ حیوانوں میں بھی ملتے ہیں مگر انہیں انسانوں کی طرح ایک دوسرے کی احتیاجیں نہیں ہوتیں جو انسانوں کو بہت زیادہ ہیں۔ایک کبوتر اور کبوتری اکٹھے ہوتے ہیں مگر کبوتر کبوتری کی خوراک کا ذمہ دار نہیں ہوتا۔اسی طرح کبوتری مکان کی آرائش اور خوراک کی تیاری کی ذمہ دار نہیں ہوتی۔یہاں تک بھی دیکھا گیا ہے کہ ساتھ کی کبوتری مرگئی تو کبوتر نے دوسری کبوتری قبول نہ کی۔جس سے معلوم ہوتا ہے جانوروں میں بھی محبت اور پیار کا تعلق ہوتا ہے مگر یہ نہیں کہ انسان جیسی ذمہ داریاں ان پر عائد ہوتی ہوں۔وجہ یہ ہے کہ وہ اس قدر محتاج نہیں جس قدر انسان محتاج ہے۔ان کی زوجیت صرف بقائے نسل کے لئے ہوتی ہے مگر انسان کے کام ایسے وسیع اور و اتنے پھیلے پڑے ہیں کہ وہ اکیلا دنیا میں انہیں سرانجام نہیں دے سکتا۔غرض بیاہ بھی خدا کی طرف توجہ دلانے والی چیز ہے مگر یہی اس سے توجہ پھیرنے والی بن جاتی ہے اس لئے نکاح کے متعلق ذکر کرتے ہوئے نمازوں کو قائم رکھنے کا حکم دیا گیا ہے تو وہی چیز جسے خدا تعالیٰ نے اپنی طرف انسان کو متوجہ کرنے کا ذریعہ بنایا جب انسان غفلت سے کام لیتا ہے تو اس کی وجہ سے خدا تعالیٰ سے دور ہو جاتا ہے اسی لئے انسان کے واسطے شریعت، وعظ، نصیحت اور زجر کی ضرورت ہوتی ہے۔انسان اگر اپنے متعلق غور کرے تو اسے معلوم ہو سکتا ہے کہ وہ کس قدر دوسروں کا محتاج ہے۔دوسروں کی محبت، دوسروں کی ہمدردی اور اولاد کی ہر وقت اسے ضرورت ہے۔اگر کوئی کسی کو نہ پوچھے تو وہ افسوس کرتا ہے کہ مجھے فلاں نے پوچھا بھی نہیں حالانکہ پوچھنے سے اس کی بیماری کم نہیں ہو جاتی مگر انسانیت چاہتی ہے کہ اس کے ہمدرد ہوں۔یہ سب انسانی احتیاجیں ہیں۔اسی طرح مرد و عورت کی ایک دوسرے کے متعلق احتیاجیں ہیں اور انسان محسوس کر سکتا ہے کہ صرف ایک ہی ذات غنی اور صمد ہے اور اسی سے مل کر وہ احتیاجوں سے آزاد ہو سکتا ہے۔دیکھو مالدار عورت سے شادی کر کے مرد مالدار بن جاتا ہے اور بادشاہ سے شادی کر کے عورت ملکہ بن جاتی ہے۔اس زوجیت کے تعلق نے سکھا دیا کہ غنی سے زوجیت کا تعلق پیدا