خطبات محمود (جلد 36) — Page 70
$1955 70 9 خطبات محمود جلد نمبر 36 الہامات حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام میں میری علالت اور شام کی طرف سفر کرنے کا ذکر (فرمودہ 22 اپریل 1955ء بمقام ملیر کراچی ) تشہد ، تعوذ اور سورہ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا۔عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ میرا مرض سردی سے زیادہ ہو جاتا ہے۔لیکن میرا تجربہ ہے کہ میرا مرض گرمی سے زیادہ ہوتا ہے۔چنانچہ عموماً صبح کے وقت تو میری طبیعت اچھی رہتی ہے مگر شام کے وقت گرمی کے بڑھ جانے سے خراب ہو جاتی ہے۔یورپ میں تو سخت سردی پڑتی ہے لیکن یہاں تو اب جلد ہی گرمی شروع ہو جاتی ہے جس سے تکلیف بڑھ جاتی ہے۔کل شام کو تکلیف اس قدر بڑھ گئی تھی کہ ہاتھ کی مٹھی تک بند کرنا مشکل ہو گیا اور یوں محسوس ہوتا تھا کہ گویا بیماری کا دوبارہ حملہ ہوا ہے۔صبح کے وقت چونکہ کچھ آرام ہوتا ہے اس لیے شیخ عبدالحق صاحب انجینئر کو بلا کر آج میں نے کہا ہے کہ وہ عمارت جو سلسلہ کے لیے بن رہی ہے اُس میں ایک دو کمرے ضرور فوراً بنوا دیں تا کہ ہم جب واپس آئیں تو شروع میں کراچی میں کچھ دن ٹھہر سکیں۔کیونکہ پنجاب میں ان دنوں میں بھی گرمی ہوتی ہے۔اگر ہو سکا تو ہم واپسی پر لاہور تک ایک دفعہ ہوائی جہاز سے ہو آئیں گے تا کہ پنجاب کے دوستوں کو جدائی کی زیادہ تکلیف نہ اٹھانا پڑے اور وہ بھی جلد ملاقات کر سکیں۔