خطبات محمود (جلد 35)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 380 of 461

خطبات محمود (جلد 35) — Page 380

$1954 380 خطبات محمود اعتراض کرتا ہے تو ہم اُسے کہتے ہیں کہ تم اس لیے اعتراض کرتے ہو کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی کھلی کتاب کے طور پر ہے۔اگر آپ کی زندگی بھی حضرت موسی یا حضرت عیسی علیہما السلام کی زندگی کی طرح بند کتاب کی طرح ہوتی تو تمہیں اعتراض کرنے کا موقع میسر نہ آتا۔پس آپ کی زندگی پر اعتراضات کی کثرت اس بات کی علامت نہیں کہ آپ پر دوسرے انبیاء کی نسبت زیادہ اعتراضات ہوئے ہیں بلکہ اس بات کی علامت ہے کہ آپ کی زندگی ایک کھلی کتاب کے طور پر ہے۔ایک عورت نے برقع پہنا ہو تو اُس کے متعلق یہ نہیں کہا جا سکتا کہ اُس کے چہرہ پر برص ہے یا نہیں یا وہ کیلوں سے بھرا ہوا ہے یا نہیں۔اُس کے متعلق یہ نہیں کہا جا سکتا کہ اُس کی ایک آنکھ ہے یا نہیں، یا وہ بھینگی ہے یا نہیں۔لیکن اگر کسی کا چہرہ کھلا ہوا ہو تو لوگ اُس پر کئی اعتراضات کر سکتے ہیں لیکن ہم اُس کا مقابلہ ایک برقع پوش عورت سے نہیں کر سکتے۔یعنی ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ فلاں برقع پوش عورت کے مقابلہ میں اس غیر برقع پوش عورت پر زیادہ اعتراضات ہوئے ہیں۔اگر کوئی غیر برقع پوش عورت کا مقابلہ برقع پوش عورت سے کرتا ہے تو وہ پاگل ہے۔اسی طرح ہم کہیں گے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مثال دوسرے انبیاء کے مقابلہ میں ایسی ہی ہے جیسے ایک غیر برقع پوش عورت کی مثال برقع پوش عورت کے مقابلہ میں ہوتی ہے۔آپ کی زندگی سورج کی طرح ہے۔اس کا ہر پہلو نظر آسکتا ہے لیکن دوسرے انبیاء کی زندگیاں بند کتاب کے طور پر ہیں۔پس آپ کی زندگی ہمارے لیے ایک نمونہ ہے۔جب آپ نے دعوای فرمایا تو ابتدا میں صرف ایک شخص (یعنی حضرت ابوبکر) آپ پر ایمان لایا۔وہ لوگ جنہوں نے بعد میں اسلام میں بڑے بڑے درجات حاصل کیے اُن میں بھی بعض ایسے تھے جنہوں نے ابتدائی زمانہ میں آپ کی سخت مخالفت کی۔مثلاً خلافت کے زمانہ میں سے سب سے زیادہ روشن زمانہ حضرت عمر کی خلافت کا ہے لیکن آپ بھی ایک عرصہ تک محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مخالفت کرتے رہے ہیں۔پھر آپ کے زمانہ میں بھی اور آپ کے بعد بھی بہترین اسلامی کمانڈر خالد بن ولید تھے۔لیکن آپ بھی ہجرت کے بعد چھ سال تک رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خلاف جنگ کرتے رہے