خطبات محمود (جلد 35)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 227 of 461

خطبات محمود (جلد 35) — Page 227

$1954 227 خطبات محمود سب شہری ایک جسم کی طرح ہیں۔اگر اُن کے کسی ایک حصہ کو تکلیف پہنچتی ہے تو دوسرا حصہ بھی ویسی ہی تکلیف محسوس کرے گا، اگر تاجر ہیں تو وہاں اس قانون سے یہ مراد ہوگی کہ تمام تاجر ایک جسم کے اعضاء کی طرح ہیں جس طرح ایک عضو کے تکلیف اٹھانے سے جسم کا دوسرا حصہ بھی تکلیف محسوس کرتا ہے اسی طرح تاجروں کے ایک حصہ پر تکلیف آئے تو دوسرے حصہ کو بھی اس کی تکلیف محسوس کرنی چاہیے۔اگر لوگ پیشہ ور ہیں تو ہم کہیں گے تمام پیشہ ور ایک جسم کی طرح ہیں اگر ان کے کسی ایک حصہ کو تکلیف پہنچے تو دوسرے لوگوں کو اس کی مدد کرنی چاہیے۔پس رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جو یہ فرمایا کہ سب مومن آپس میں ایک جسم کی طرح ہیں۔اگر جسم کے ایک حصہ کو کوئی تکلیف پہنچتی ہے تو دوسرے اعضاء بھی ویسی ہی تکلیف محسوس کرتے ہیں۔اس کے یہ معنی نہیں کہ یہ اصل اور قانون صرف مومنوں کے لیے ہے بلکہ دنیا میں جو گروپ بھی بنے گا اُس پر یہ قانون حاوی ہو گا۔اگر گروپ کے کسی حصہ کو تکلیف پہنچتی ہے تو وہ تکلیف سب کو پہنچنی چاہیے۔اگر اُس کے کسی حصہ کو وہ تکلیف نہیں پہنچتی تو اس کے یہ معنی ہوں گے کہ وہ حصہ اصل جسم سے کٹ گیا ہے۔اس قانون کے ماتحت تمام حکومتیں، تمام سیاسی، اقتصادی اور علمی اقوام اور تمام گروپ ایک جسم کی طرح ہیں۔اگر ان میں سے کسی کو تکلیف پہنچتی ہے تو دوسرے سب افراد کو وہ تکلیف محسوس کرنی چاہیے۔اگر دوسرے لوگ ایک حصہ کی تکلیف کو محسوس نہیں کرتے تو وہ اقوام اپنے سرکل اور دائرہ میں فیل ہو جائیں گی۔مثلاً امریکہ ہے وہ اندرونی طور پر کئی حصوں پر منقسم ہے۔شمالی امریکہ، جنوبی امریکہ، مشرقی امریکہ اور مغربی امریکہ، لیکن امریکہ کے لفظ میں وہ سب ایک ہی چیز شمار ہوں گے۔U۔S۔A ایک ایسا علاقہ ہے جس میں کئی جگہ زبان میں فرق پایا جاتا ہے۔مختلف اقوام کے لوگ اس میں آباد ہیں۔کہیں انگریز آباد ہیں، کہیں جرمنوں کی زیادہ تعداد آباد ہے، یہودیوں کی کثرت ہے اور کہیں مشرقی یورپ کی اقوام زیادہ تعداد میں آباد ہیں۔غرض مختلف علاقوں میں مختلف اقوام آباد ہیں۔جب کسی غیر سے مقابلہ نہ ہو تو کسی کو انگریزوں سے ہمدردی ہو گی، کسی کو یہودیوں سے ہمدردی ہو گی اور کسی کو جرمنوں سے ہمدردی ہو گی۔لیکن جب امریکہ کا سوال آئے گا تو وہ اپنا سب اختلاف بھول جائیں گے۔وہ بھول جائیں گے کہ وہ