خطبات محمود (جلد 34) — Page 19
$1953 19 3 خطبات محمود وقت کی اہمیت اور حالات کی نزاکت کو سمجھو اور سُستیوں کو چھوڑ کر اپنی ذمہ داری کو محسوس کرو۔(فرموده 16 جنوری 1953 ء بمقام ربوہ ) تشہد ،تعوذ اور سورہ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا۔میں نے پچھلے جمعہ بھی جماعت کو اس طرف توجہ دلائی تھی اور آج پھر اس طرف توجہ دلاتا ہوں کہ کام، کام کرنے سے بنا کرتے ہیں، باتیں بنانے سے نہیں بنا کرتے۔اس میں کوئی شبہ نہیں کہ اچھی سکیمیں نہ ہوں تو کام خراب ہو جایا کرتا ہے لیکن اس میں بھی کوئی شبہ نہیں کہ اچھا کام نہ ہو تو اچھی تھی سکیمیں بھی فیل ہو جایا کرتی ہیں۔ہماری جماعت سکیموں پر زیادہ زور دیتی ہے اس لیے کہ یہ اُن کا کام نہیں ہوتا۔سکیم بنانا خلیفہ یا اُس کے قائم مقاموں کا کام ہوتا ہے۔پس اچھی سکیموں پر جماعت کے عہدیدار اس لیے زور دیتے ہیں کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ہمیں کچھ کرنا نہیں پڑے گا۔وہ عمل پر زور نہیں دیتے اس لیے کہ اس طرح انہیں کچھ کام کرنا پڑتا ہے۔اس میں کوئی شبہ نہیں کہ جماعت کے سارے افراد نہ تو سست ہوتے ہیں نہ سارے کے سارے بے توجہ ہوتے ہیں اور نہ سارے کے سارے بے وقوف اور سادہ لوح ہوتے ہیں۔اس لیے اگر اچھی سکیمیں پیش ہوتی رہیں تو وہ کچھ نہ کچھ اچھا نتیجہ پیش کریں گی۔لیکن یہ نتیجہ اتنا خوش آئند، پسندیدہ اور اچھا نہیں ہوتا جتنا کوشش کرنے اور کام کرنے کے ساتھ ہوتا ہے۔