خطبات محمود (جلد 33) — Page 27
1952 27 5 خطبات محمود ہمارے سامنے کوئی پروگرام ہونا چاہیے اور پھر اس کے مطابق عمل ہونا چاہیے وقت نہایت قیمتی چیز ہے جو وقت کو استعمال کرے گا وہی جیتے گا اور جو ضائع کرے گا وہ ہار جائے گا (فرموده 15 فروری 1952ء بمقام ربوہ) تشهد ، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا: میں نے گزشتہ جمعہ جماعت کے کارکنوں کو توجہ دلائی تھی کہ وہ اپنے صیغوں کے متعلق سال کے شروع میں ایک باقاعدہ پروگرام تیار کیا کریں اور پھر اُس پروگرام پر عمل کرنے کی کوشش کیا کریں۔ورنہ ہماری ترقی کے امکانات نسبتاً کم ہو جاتے ہیں۔میرے دوسرے خطبہ کے بعد بعض ناظروں نے اپنے اپنے محکموں کے نہایت مختصر سے پروگرام بنا کر میرے سامنے کی پیش کئے ہیں۔میں انہیں پروگرام تو نہیں کہہ سکتا ، نہ اُن میں کسی غور وفکر کا ثبوت ملتا ہے اور نہ عقل اور تدبیر کا کوئی شائبہ نظر آتا ہے لیکن بہر حال ناظروں نے لفظی فرمانبرداری کا نمونہ دکھایا ہے اور مختصراً جیسے کوئی کسی گھبراہٹ کے وقت کسی عزیز کا اعتراض دُور کرنے کے لئے جلدی سے خط لکھ دیتا ہے اسی طرح انہوں نے پروگرام بنا کر پیش کر دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ ہے ہمارا پروگرام۔