خطبات محمود (جلد 29) — Page 400
$1948 400 خطبات محمود کام شروع ہو چکا ہے اور بہت سی پہلی جگہوں میں کام پہلے سے زیادہ وسیع ہو چکا ہے۔تحریک جدید کے شروع ہونے سے پہلے ایران میں ہمارا کوئی مبلغ نہیں تھا لیکن اس وقت وہاں ہمارے دو مبلغ کام کر رہے ہیں۔یہ عجیب بات ہے کہ ایران میں جہاں ہمارے خاندان یعنی حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے خاندان کا درمیانہ قدم پڑا تھا ( ہمارا خاندان بخارا سے نکل کر پہلے ایران میں بسا اور وہاں سے پھر ہندوستان آیا تھا) مشن قائم ہوئے پانچ سال ہو گئے ہیں لیکن اس وقت تک وہاں ایک بھی احمدی نہیں ہوا۔تحریک ضرور ہے اور کچھ لوگوں سے آہستہ آہستہ تعلقات بھی پیدا ہورہے ہیں لیکن ابھی تک وہاں احمدیت پھیل نہیں سکی۔اور یہی ایک ایسا ملک ہے جہاں باوجود اس کے کہ ہمارے مبلغ پانچ سال سے جاچکے ہیں لیکن پھر بھی وہاں کوئی مقامی احمدی نہیں ہوا۔تحریک جدید کے ماتحت دوسرامشن جو قائم ہوا یا یوں کہو کہ دوسرا مشن جسے تقویت حاصل ہوئی مشن وہاں پہلے سے ہی قائم تھا مگر اب وہاں مبلغ زیادہ ہو گئے ہیں اور کام زیادہ ہورہا ہے وہ فلسطین کا علاقہ ہے۔وہاں پہلے بھی کام کافی ہو رہا تھا مگر تحریک جدید کے ذریعہ کام اور بھی زیادہ بڑھ گیا ہے۔پہلے وہاں حیفا میں جماعت تھی یا اس کے پاس کی پہاڑی پر جماعت رہتی تھی لیکن بعد میں آہستہ آہستہ اردگرد کے علاقوں میں پھیلی۔یہ حالت اُس تباہی سے پہلے تھی جو اب وہاں آئی ہے۔مشرقی پنجاب پر جیسے تباہی آئی ویسے ہی یہودیوں کے حملہ کی وجہ سے فلسطین پر آئی ہے اور خطر ناک جگہ وہی تھی جہاں ہماری جماعت تھی۔حیفا کی جماعت کا کچھ حصہ فسادات سے پہلے ہی دمشق چلا گیا تھا باقیوں کے متعلق کوئی اطلاع نہیں آئی۔چودھری محمد شریف صاحب نے جو وہاں کے مشنری انچارج تھے وقت کی نزاکت سمجھتے ہوئے بڑی ہوشیاری سے کام کیا اور اپنا ایک مبلغ شرق اردن بھجوا دیا اور اُسے ہدایت کی کہ پتہ نہیں ہمارا کیا حال ہو تم وہاں جا کر نیا مرکز بنانے کی کوشش کرو۔گویا انہوں نے وہی تدبیر اختیار کی جو ہم نے قادیان سے نکلنے کے وقت اختیار کی تھی اور اپنا ایک ساتھی شرق اردن میں بھجوا دیا۔اسے گئے ہوئے سات آٹھ ماہ ہو گئے ہیں یا سال بھر کے قریب ہو گیا ہے لیکن ابھی تک وہاں جماعت قائم نہیں ہوئی۔جماعت کا اثر ورسوخ پیدا ہو رہا ہے۔شام میں کسی وقت ہمارے مبلغ گئے تھے لیکن کافی عرصہ سے یہ میدان خالی پڑا تھا۔تحریک جدید کے ماتحت شیخ نور احمد صاحب کو وہاں بھیجا گیا۔ان کے ذریعہ جماعت میں