خطبات محمود (جلد 29) — Page 245
$1948 245 خطبات محمود اُکساتا ہے وہ دونوں یہ جانتے ہیں کہ صداقت کارگر ہو گی۔اس لیے اُن کے لیے سوائے ظلم کے اور کوئی چارہ نہیں۔پھر بعض لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو مظالم دیکھ کر ایمان لے آتے ہیں۔پرسوں ہی ایک عجیب واقعہ ہوا۔ایک نو جوان آیا اور اُس نے کہا میں نے بیعت کرنی ہے۔پھر اُس نے خود ہی بتایا کہ آج صبح میں دکان پر گیا تو ابھی میں دکان کھول ہی رہا تھا کہ ایک شخص نے مجھے بتایا کہ ہم نے رات ایک قادیانی مار دیا ہے اور اب اُن کا ایک نمبر کم ہو گیا ہے۔میں نے کہا اچھا! اگر اُن کا ایک نمبر کم ہو گیا تو میں اُسے پورا کرتا ہوں۔چنانچہ میں نے پھر دکان کو قفل لگا دیا اور سیدھا یہاں چلا آیا تا کہ بیعت کرلوں۔اب دیکھو وہ پہلے ہماری جماعت میں شامل نہیں تھا مگر جب اُس نے دیکھا کہ شرافت اور انسانیت دنیا سے اتنی مٹ چکی ہے کہ محض صداقت اور سچائی کے لیے ایک انسان کو قتل کر دیا جاتا ہے تو وہ اسے برداشت نہ کر سکا اور اُس نے جرات کر کے احمدیت کو قبول کر لیا۔دنیا میں سارے لوگ گندے نہیں ہوتے۔دنیا میں بہادر بھی ہوتے ہیں۔اور ایسے بھی ہوتے ہیں جو مظالم کو دیکھ کر سچائی اور صداقت کو قبول کر لیتے ہیں۔حضرت حمزہ اور حضرت عمرؓ جو اسلام سے پہلے عرب میں بڑے بہادروں میں شمار ہوتے تھے اور اسلام لانے کے بعد بھی انہوں نے بہادری کے کار ہائے نمایاں دکھائے ہیں ایسے ہی واقعات کی وجہ سے اسلام میں داخل ہوئے تھے۔حضرت حمزہ آپ کے چچا تھے لیکن اُن کی زندگی سپاہیانہ تھی اور ہر وقت تیراندازی وغیرہ میں مشغول رہتے تھے اور سمجھتے تھے کہ وہ بڑا کام کر رہے ہیں۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے جب دعوی نبوت کیا تو آپ نے بھی سنا۔آخر آپ قریبی رشتہ دار تھے اور پاس ہی رہتے تھے لیکن آپ نے اس کی کوئی پروا نہ کی۔آپ سمجھتے تھے کہ یہ زندگی بھی کوئی زندگی ہے۔زندگی ہے تو ہماری ہے۔ہر وقت شکار کھیلتے اور تیراندازی میں مشغول رہتے ہیں۔اس سے بڑھ کر اور کیا کام ہوگا۔ایک دن مکہ کے نزدیک صفا پہاڑی پر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم بیٹھے ہوئے تھے کہ ابو جہل آیا۔وہ جوش میں بھرا ہوا تھا۔اُس نے آتے ہی آپ کو بے تحاشا گالیاں دینی شروع کر دیں۔اور پھر اُس نے یہیں تک بس نہ کی بلکہ آپ کو ایک تھپڑ بھی دے مارا۔مگر آپ نے اُس کے جواب میں صرف اتنا کہا کہ میں نے آپ کا کیا قصور کیا ہے کہ آپ لوگ مجھے دکھ دیتے ہیں؟ صرف اللہ تعالیٰ کا پیغام ہی میں آپ لوگوں کو پہنچا تا ہوں اور تو کچھ نہیں