خطبات محمود (جلد 29) — Page 446
1948ء 446 خطبات محمود مالک کے سامنے اُس کی اطاعت سے انکار کیا ہوگا۔ اس لیے میں استغفار کر رہا ہوں پس بسا اوقات ایسی تکالیف کسی روحانی کمزوری کی وجہ سے بھی ہوتی ہیں۔ اس لیے مومن کو استغفار اور توبہ کرنی چاہیے اور خدا تعالیٰ کے سامنے جھکنا چاہیے۔ اُس کی کمزوریاں اس کے لیے کسی تکلیف کا موجب نہ بن جائیں۔ میرا یہ مطلب نہیں کہ ایسا ہمیشہ روحانی کمزوری کی وجہ سے ہوتا ہے۔ یہ جسمانی طور پر بھی ہو سکتا ہے۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے لڑکے فوت ہو گئے تھے اور لڑکیاں زندہ رہی تھیں اور پھر لڑکیوں کی قریبی اولاد بھی تھوڑی ہی تھی۔ ایک لڑکی کی اولاد کے متعلق تو شبہ ہے کہ اس کی اولاد تھی بھی یا نہیں ۔ یعنی حضرت عثمان کی نسل حضرت زینب سے چلی ہے یا نہیں۔ تو اریخ میں اس امر کے متعلق شبہ ہے۔ قرین قیاس یہی ہے کہ اُن کی اولاد زندہ رہی لیکن وہ ایسی حالت سے گزری جس کے متعلق شبہات پیدا ہو گئے ۔ ہاں حضرت فاطمہ کی اولاد چلی اور کچھ عرصہ بعد کثرت سے چلی اور اب تو وہ ساری دنیا میں پھیلی ہوئی ہے۔ اس کا انکار نہ کوئی کر سکتا ہے اور نہ کسی نے کیا ہے۔ پس میرا یہ مطلب نہیں کہ ایسا صرف روحانی کمزوریوں کی وجہ سے ہوتا ہے۔ بعض دفعہ حوادث کی وجہ سے بھی ایسا ہو جاتا ہے لیکن پھر بھی مومن کو تو بہ اور انابت الی اللہ سے کام لینا چاہیے، خدا تعالیٰ کے سامنے جھکنا چاہیے اور دعا کرنی چاہیے کہ اگر یہ کسی کو تا ہی اور کمزوری کی وجہ سے ہو رہا ہے تو خدا تعالیٰ اسے دور کرے تا ساتھ ہی ساتھ اس کی کمزوریوں کا ازالہ بھی ہوتا چلا جائے"۔ )الفضل 25 مارچ 1949ء( 10 : 1 : الصف