خطبات محمود (جلد 29) — Page 405
1948ء 405 خطبات محمود اثر پڑ رہا ہے۔ مجھے ایک کارڈ ملا ہے جس پر ایک جنگل کی خوبصورت تصویر ہے۔ اس میں صرف یہ لکھا ہوا ہے کہ آپ کے زمانہ میں جس میں اسلام کی تعلیم ہر طرف پھیل رہی ہے کیا بالی جزیرہ اس سے محروم رہے گا۔ لکھنے والا کوئی غیر احمدی ہے۔ اس نے ارد گر د تبلیغ دیکھ کر مجھے خط لکھ دیا ہے۔ بالی جزیرہ کے لوگ فوجی اور بہادر ہیں۔ وہاں ابھی تک تبلیغ نہیں ہوئی۔ معلوم ہوتا ہے کہ ارد گرد تبلیغ ہوتی دیکھ کر اس نے مجھے لکھ دیا مگر معلوم نہیں کہ اُسے میرا پتہ کہاں سے ملا۔ بہر حال احمدیت خود بخود پھیل رہی ہے۔ اسی طرح امریکہ کے جزائر ہیں جنہیں ویسٹ انڈیز بھی کہا جاتا ہے۔ ان جزائر میں بھی تبلیغ شروع ہے۔ وہاں سے بھی خطوط آ رہے ہیں اور وہ مبلغ مانگ رہے ہیں اور وہاں مبلغ بھیجنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ صرف کابل کا علاقہ ہے جو بند پڑا ہوا ہے مگر اب احمدیت کی تبلیغ اس طرح ہو رہی ہے کہ وہاں بھی اس کا اثر پڑے گا۔ غرض سارے پردہ زمین پر تحریک کے ماتحت تبلیغ کو پھیلانے کی سکیمیں بن رہی ہیں اور اس کے لیے اربوں ارب روپے بھی تھوڑے ہیں۔ در حقیقت ہمارے مبلغ بہت کم گزارے پر کام کر رہے ہیں بلکہ خشک روٹی پر گزارہ کر رہے ہیں۔ الفضل میں ایک غیر احمدی کیپٹن کا خط شائع ہوا تھا جنہوں نے لکھا تھا میں جہاں جماعت احمد یہ کے نوجوانوں کی تعریف کرتا ہوں کہ انہوں نے خدمت دین کے لیے اپنی زندگیاں وقف کیں اور باہر نکل گئے وہاں مجھے جماعت پر افسوس ہے جس نے اس بات پر کبھی بھی غور نہیں کیا کہ اس کے مبلغ باہر کھا کیا رہے ہیں؟ باوجود غیر احمدی ہونے کے جس دکھ میں میں نے انہیں دیکھا ہے اُس سے مجھے خیال ہوا کہ میں جماعت کی توجہ اس طرف پھراؤں کہ وہ کم از کم انہیں کھانے کو اتنا تو دے جس سے اُن کا پیٹ بھر سکے۔ اور پہننے کو اتنا تو دے جس سے وہ اپنا تن ڈھانپ سکیں اور تبلیغ کا کام صحیح طور پر کر سکیں۔ بہر حال ہم ادنیٰ سے ادنی طور پر بھی خرچ کریں تو ہمارا خرچ کروڑوں تک جا پہنچتا ہے۔ مثلاً اس وقت ہمارے پچاس کے قریب مبلغ باہر ہیں۔ پچاس تو میرے ہی ذہن میں ہیں اور یہ وہ ہیں جو یہاں سے گئے ہیں اس سے کم نہیں زیادہ ہی نکلیں گے اور مقامی مبلغ جو کام کر رہے ہیں وہ ان کے علاوہ ہیں۔ ان ممالک کی رہائش کا اگر اندازہ رکھا جائے تو ان کے کھانے پینے اور مکان کا خرچ بیس پونڈ ہے اور یہ کم از کم ہے۔ اس کے بعد تبلیغ کے اخراجات ہیں، لٹریچر ہے، خط و کتابت ہے۔ بیس پونڈ کے قریب اس پر خرچ آجاتا ہے اور یہ چالیس پونڈ فی کس بنتا ہے۔ اور چالیس کے یہ معنے ہوئے کہ گل مبلغ پچاس ہیں۔ ہیں ۔ گو وہ مبلغ ان کے علاوہ ہیں جو مقامی طور پر اپنے