خطبات محمود (جلد 28) — Page 385
سال 1947ء 385 (40) خطبات محمود تم میں سے ہر شخص اَصْحَابِیْ كَالنُّجُومِ کا نمونہ بن سکتا ہے بشر طیکہ تم دین کو سمجھنے اور دوسروں کو سمجھانے کیلئے ہر وقت کمر بستہ رہو ( فرموده 7 نومبر 1947 ء بمقام رتن باغ لاہور ) تشهد ، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا: اللہ تعالیٰ کے قانون قدرت سے ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ بہت سی چیزیں جن کو قانون قدرت پیدا کرتا ہے وہ سب کی سب اپنے منزل مقصود تک پہنچنے میں کامیاب نہیں ہوا کرتیں ۔ کچھ تو اپنے کمال کو پہنچ جاتی ہیں اور کچھ ضائع ہو جاتی ہیں ۔ درختوں کو مور آتے ہیں اور یوں معلوم ہوتا ہے کہ سارا درخت مور 1 سے بھر گیا ہے۔ اگر وہ تمام کا تمام مور پھل بن جائے اور وہ سب کا سب پھل پختہ ہو جائے تو یقیناً درخت کے ٹکڑے ٹکڑے اُڑ جائیں ۔ مجھے یاد ہے میں ایک دفعہ دار الحمد کوٹھی میں ٹہل رہا تھا اور ایک نیا مالی جو کچھ عرصہ ہندوستان بھی رہا تھا اور باتیں کرنے میں بڑا ہو شیار تھا وہ بھی میرے ساتھ پھر رہا تھا ۔ میں نے اُس وقت چکوترا 2 کا ایک درخت دیکھا جس میں نہایت کثرت سے پھل لگ رہا تھا۔ ابھی اس کے پھل کا ابتدائی زمانہ تھا اور وہ بہت چھوٹے چھوٹے دانوں کی شکل میں تھا جیسے ماش کا دانہ ہوتا ہے ۔ مور گر رہا تھا اور نیچے سے پھل نکل رہا تھا اور وہ لاکھوں ہی کی تعداد میں نظر آتا تھا۔ میں نے اس پھل کو دیکھ کر تعجب کیا اور کہا کہ اگر اتنا پھل لگ جائے اور آخر تک سلامت رہے تو درخت بیچ نہیں سکتا ۔ جیسے بعض آدمیوں کی عادت ہوتی ہے کہ بات سن کر وقت سے پہلے ہی بول پڑتے ہیں یہی عادت اُس مالی کی بھی تھی ۔