خطبات محمود (جلد 28)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 376 of 477

خطبات محمود (جلد 28) — Page 376

خطبات محمود 376 سال 1947ء وغیرہ لئے پھر دوسری جگہ گئے اور وہاں سے لئے۔اس کے بعد تیسری جگہ چل دیئے اور وہاں سے برتن ، کپڑے اور غلہ اکٹھا کرنا شروع کر دیا۔گویا ظاہر تو وہ یہ کرتے ہیں کہ ہمیں جگہ پسند نہیں اور اصل میں برتن اور غلہ جمع کرتے پھرتے ہیں۔مجھے شکایات موصول ہوئی ہیں کہ ایسا بعض جگہ احمدیوں نے بھی کیا۔یہ حالت نہایت ہی افسوسناک ہے اور بتاتی ہے کہ ہماری جماعت کے بعض افراد نے اپنے قلوب میں ذرا بھی تغیر پیدا نہیں کیا۔حالانکہ جس شخص کا سارا مال چلا گیا ہو اس کے دل سے تو دنیا کی حرص بالکل مٹ جانی چاہیئے اور اسے سمجھ لینا چاہیئے کہ جو کچھ ہے اللہ تعالیٰ کا ہے۔میرا کسی چیز پر حق نہیں۔اور اس کے اندر عزت نفس اور خود داری کا احساس پیدا ہونا چاہیئے۔یہ احساس اگر تمہارے دلوں میں پیدا ہو چکا ہوتا تو میں سمجھتا کہ موجودہ فتنہ سے تم نے فائدہ اٹھایا ہے لیکن جب ابھی تمہارے دلوں میں کوئی احساس ہی پیدا نہیں ہوا تو تم آئندہ ابتلاؤں سے کس طرح محفوظ رہ سکتے ہو۔یہ امر یا د رکھو کہ جب تک یہ باتیں دور نہیں ہونگی تم خدا تعالیٰ کی کچی جماعت میں شمار نہیں ہو سکو گے۔جب خدا تعالیٰ نے دنیا میں اپنی ایک جماعت بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور تم اس دعوئی کے ساتھ آگے آئے ہو کہ ہم خدا تعالیٰ کی جماعت بن کر دکھا ئیں گے تو لازمی بات ہے کہ خدا تعالیٰ تمہیں اپنی حقیقی جماعت بنانے کے لئے اسی طرح رگڑے گا اور بار بار رگڑے گا جس طرح نگینه ساز پتھر کو انگوٹھی میں لگانے کے لئے بار بار گھستا اور رگڑتا ہے۔جب کوئی پتھر انگوٹھی کا نگینہ بننے کے لئے لایا جاتا ہے تو ہر شخص جانتا ہے کہ ماہر فن اسے رگڑتا اور بار بار رگڑتا ہے۔وہ اسے گھتا اور بار بار گھستا ہے۔اور اس کا رگڑنا اور گھسنا اُس وقت تک ختم نہیں ہوتا جب تک پتھر انگوٹھی کے مطابق نہیں بن جاتا۔اگر کوئی شخص اس پتھر کو دیکھ کر کہے کہ اسے رگڑا کیوں جاتا ہے تو یہ اسکی حماقت اور نادانی ہوگی۔جب وہ پتھر اسی غرض کے لئے لایا گیا ہے کہ وہ انگوٹھی کا نگینہ بنے تو یہ کہنا کہ اسے رگڑا کیوں جاتا ہے حماقت ہے۔وہ ضرور رگڑا جائے گا اور اس لئے رگڑا جائے گا کہ وہ انگوٹھی میں فٹ آسکے۔اسی طرح تم نے اپنے آپ کو احمدیت کی انگوٹھی کا نگینہ بننے کے لئے پیش کیا ہے۔اگر تم خود انگوٹھی کے مطابق ہو جاؤ تو اللہ تعالیٰ تمہیں رگڑنا بند کر دے گا بلکہ اس ابتلاء کے بعد ہی تم اپنی درستی کر لیتے تو خدا تعالیٰ تمہیں مزید رگڑنا بند کر دیتا۔لیکن جبکہ ابھی تک تم