خطبات محمود (جلد 27) — Page 251
*1946 251 خطبات محمود بلکہ انہوں نے ان کی غلامی کی ذہنیت بدلنے کے لئے بھی کئی قسم کی تدابیر سے کام لیا۔جیسے چرخہ کاتنے کی تحریک لوگوں کی اخلاقی ذہنیت بدلنے کا ایک ذریعہ تھی۔اسی طرح انہوں نے کھدر بھنڈار جاری کیا۔گو بعض کا نگر سیوں نے بھی کمال کر دیا کہ انہوں نے کھدر کے سوٹ اور کوٹ پتلون بنوا کر پہننے شروع کر دیئے۔مگر گاندھی جی کا یہ منشاء نہیں تھا۔گاندھی جی کا اصل منشاء کھدر بھنڈار سے یہی تھا کہ کسی طرح انگریزوں کی نقل اور ان کی غلامی کا مادہ ہندوستانیوں کے دلوں میں سے نکل جائے۔اسی طرح انہوں نے اور بھی کئی قسم کی تدابیر کیں اور صرف سیاسیات کی طرف اپنی توجہ مبذول نہیں رکھی بلکہ اخلاقیات کی طرف بھی انہوں نے اپنی توجہ مبذول کی۔اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ آج کانگرس کو جو طاقت حاصل ہے وہ طاقت اسے پہلے حاصل نہیں تھی۔پہلے وہ صرف سیاسی شور مچایا کرتے تھے مگر اب انہوں نے اپنے اخلاق میں بھی ایک تبدیلی پیدا کر لی ہے۔مگر افسوس کہ مسلمانوں نے کانگرس کے اس طریق عمل سے کوئی سبق حاصل نہ کیا۔مسلمان گزشتہ کئی سال سے صرف سیاسی شور مچارہے ہیں۔اپنی اخلاقی اور تمدنی اصلاح کی طرف انہوں نے کوئی توجہ نہیں کی۔گاندھی جی نے صرف سیاسی شور نہیں مچایا بلکہ لوگوں کی تمدنی اصلاح کی بھی کوشش کی اور کھدر بھنڈار جاری کر دیئے۔وہ جانتے تھے کہ میرے چیلے جو میری اطاعت کرنے والے ہیں وہ کھدر بھنڈار سے سبق حاصل کر کے اقتصادی سکیم کی طرف متوجہ ہو جائیں گے۔چنانچہ برلا وغیرہ نے سبق سیکھا اور انہوں نے اپنی قوم کو بہت بڑا فائدہ پہنچایا۔اسی طرح کانگرس کے دوسرے ممبر جو کھدر بھنڈار کے مخالف تھے اور اسے ایک لغو کام سمجھتے تھے انہوں نے بھی اپنی تو جہات اقتصادی تنظیم کی طرف پھیر دیں اور ہندو قوم کہیں سے کہیں جا پہنچی۔یہ ساری چیزیں ایسی تھیں جن سے ایک قوم نیچے سے اوپر چلی جاتی ہے مگر مسلمانوں کی غفلت کا یہ نتیجہ ہے کہ ان کی طرف سے ہمیشہ سیاسی شور مچایا جاتا رہا لیکن کبھی بھی ان امور کی طرف انہوں نے توجہ نہیں کی جو قوم کی حقیقی کامیابی کے لئے ضروری تھے۔یہ شور تو مچایا جاتا رہا کہ پاکستان، پاکستان، پاکستان۔مگر یہ کبھی خیال نہیں کیا گیا کہ مسلمان کے اندر جرآت اور بہادری پیدا کی جائے، ان کی اخلاقی حالت کی درستی کی کوشش کی جائے، ان کی اقتصادی حالت کی درستی کی کوشش کی جائے اور ایسے حالات پیدا کئے جائیں کہ ان