خطبات محمود (جلد 27) — Page 56
خطبات محمود 56 *1946 موافق ہو ا کے باعث بادبانی کشتی اڑتی چلی جاتی ہے۔پس دوستوں کو چاہئے کہ وہ آجکل خدا تعالیٰ کے حضور خاص طور پر دعائیں کریں۔مگر دعائیں اس رنگ میں نہیں ہونی چاہئیں جس رنگ میں عام طور پر لوگ کرتے ہیں بلکہ حقیقی رنگ میں دعا کرنی چاہئے اور حقیقی دعاوہ ہوتی ہے کہ جب قلوب پر اثر ہو تا ہے تو آپ ہی آپ دل اور زبان سے دعا نکلتی چلی جاتی ہے۔انسان کام بھی کرتا جاتا ہے اور دعا بھی نکلتی جاتی ہے۔تم سجدہ چوبیس گھنٹے نہیں کر سکتے ، تم رکوع چوبیس گھنٹے نہیں کر سکتے ، تم قیام چوبیس گھنٹے نہیں کر سکتے ، تم قعدہ چوبیس گھنٹے نہیں کر سکتے لیکن چوبیس گھنٹے تمہارے دل میں ایک جوش رہ سکتا ہے اور اس کی وجہ سے دعا تمہارے دل پر جاری رہ سکتی ہے۔شاید تم میں سے کوئی کہے کہ انسان تو رات کو سو جاتا ہے پھر چوبیس گھنٹے کس طرح کوئی دعا جاری رہ سکتی ہے؟ لیکن یہ اعتراض علم کی قلت کا نتیجہ ہے۔یہ ثابت شدہ حقیقت ہے کہ علم تصوف کی رُو سے بھی اور علم النفس کی رُو سے بھی کہ انسان جن خیالات میں سوتا ہے وہ خیالات ساری رات نیند میں بھی جاری رہتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ رسول کریم صلی علی کریم نے اس بات پر خاص طور پر زور دیا ہے کہ رات کو سوتے وقت آیت الکرسی اور آخری تین سورتیں پڑھ کر ہاتھ پر پھونک مارو اور پھر ہاتھ اپنے جسم پر پھیر لو اور پھر خدا تعالیٰ سے یہ دعا مانگتے ہوئے سوؤ کہ اللهُم أَسْلَمْتُ نَفْسِي إِلَيْكَ وَ وَجَّهْتُ وَجْهِي إِلَيْكَ وَ فَوَّضْتُ أَمْرِى إِلَيْكَ وَ الْجَأْتُ ظَهْرِي إِلَيْكَ رَغْبَةٌ وَ رَهْبَةً إلَيْكَ لا مَلْجَأَ وَلَا مَنْجَا مِنْكَ إِلَّا إِلَيْكَ - اللهُمَّ أَمَنْتُ بِكِتَابِ الَّذِي أَنْزَلْتَ وَ نَبِيِّكَ الَّذِي از سَلْتَ۔6 اور اس کے بعد کوئی بات نہ کرو۔آخر کیوں رات کو سوتے وقت یہ الفاظ پڑھنے کے لئے کہا گیا اور کیوں یہ کہا گیا کہ اس کے بعد کوئی بات نہ کی جائے؟ اس کی وجہ یہی ہے کہ جن خیالات میں انسان رات کو سوتا ہے وہی خیالات ساری رات اس کے دماغ میں چکر لگاتے رہتے ہیں حالانکہ وہ سو رہا ہوتا ہے۔یہ مت خیال کرو کہ رات کو دماغ خالی ہوتا ہے۔دماغ رات کو بھی سوچتارہتا ہے۔صرف اتنا فرق ہے کہ دماغ کا بیرونی حصہ جس کی وجہ سے انسان بیرونی دنیا کی باتیں سنتا ہے وہ سویا ہوا ہوتا ہے لیکن اندرونی حصہ برابر کام کر رہا ہو تا ہے۔تم کہو گے کہ یہ کس طرح ہو سکتا ہے کہ انسان کو علم بھی نہ ہو اور دماغ بھی اپنا کام کر رہا ہو ؟