خطبات محمود (جلد 27)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 216 of 706

خطبات محمود (جلد 27) — Page 216

*1946 216 خطبات محمود یقیناً اسلام کی راہ میں ایک منٹ لڑتے لڑتے مر جانا انسان کی اس سو سالہ زندگی سے لاکھوں اور کروڑوں بلکہ اربوں گنا زیادہ بہتر ہے جو کسی اور کام میں صرف ہو۔اور یہ کام ایسا نہیں جو ہماری جماعت نہ کر سکے۔سینکڑوں نوجوان ہیں جنہوں نے اسلام کے لئے اپنی زندگیاں پیش کر کے اس بات کا ثبوت مہیا کر دیا ہے کہ یہ کام ہماری طاقتوں اور قوتوں کے اندر ہے اور ہمارے اخلاص اور ایمان کا یہی تقاضا ہے کہ ہم ان قربانیوں میں حصہ لیں۔اگر سینکڑوں نوجوان ایک کام کر سکتے ہیں تو وہ سینکڑوں اور ہزاروں نوجوان کیوں ایسا نہیں کر سکتے جو ابھی اس تحریک میں حصہ نہیں لے سکے۔پروانے آگ میں جلتے چلے جاتے ہیں مگر بعد میں آنے والے پروانے پیچھے نہیں ہٹتے بلکہ وہ اور زیادہ جوش اور زیادہ زور کے ساتھ آگ میں گر ناشروع ہو جاتے ہیں۔کیا انسان ہی ایسے گندے مقام پر ہے کہ قربانی کرنے والوں کی قربانی کو دیکھ کر اس میں جوش پیدا نہیں ہوتا اور وہ اس سے بھی زیادہ جوش سے آگے نہیں بڑھتا جس جوش سے ایک پروانہ آگ کی طرف بڑھتا ہے۔پھر صرف امریکہ کا ہی سوال نہیں اور ممالک میں بھی جوں جوں ہمارے مبلغ جا رہے اور تبلیغ کے راستے گھل رہے ہیں ہمیں اس بات کی ضرورت محسوس ہو گی کہ ہم ان کی طرف زیادہ سے زیادہ مبلغین بھجوائیں اور ان کے مطالبات کو پورا کریں۔ابھی پرسوں تار آیا ہے کہ ہمارے وہ مبلغ جو فرانس کے لئے مقرر کئے گئے تھے اور جو انگلستان میں اب تک ویزا کا انتظار کر رہے تھے ان کو فرانسیسی گورنمنٹ نے ویزا دے دیا ہے اور وہ چند دنوں میں ہی فرانس کی طرف روانہ ہو جائیں گے۔ہم نے فرانس میں دو مبلغ بھیجے ہیں۔لیکن سوال یہ ہے کہ کیا فرانس جیسے ملک میں دو مبلغ کافی ہو سکتے ہیں؟ وہ فلسفہ کا ملک، وہ دہریت کا ملک، وہ عیاشی کا ملک جن کی راتیں بھی دن ہوتی ہیں اور جن کے دن تو کچھ ایسی چیز ہوتے ہیں جن کو ہم پہچان بھی نہیں سکتے۔ان کی اصلاح اور بیداری کے لئے دو مبلغ کیا کام کر سکتے ہیں۔میں نے پیرس دیکھا ہوا ہے اور میں نے پیرس کا وہ میدان بھی دیکھا ہے جس کا نام پیرس کے لوگوں نے شانز الیز (Shanzelize) یعنی جنت کی گلی رکھا ہوا ہے۔واقع یہ ہے کہ اگر کسی انسان کی آنکھیں بند کر کے اس کو اس میدان میں لایا جائے اور اس کے بعد اس کی آنکھوں پر سے پٹی اتار دی جائے تو تاریک ترین رات کے نصف میں سے گزرتے