خطبات محمود (جلد 27)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 163 of 706

خطبات محمود (جلد 27) — Page 163

*1946 163 12 خطبات محمود ----------------‒‒‒‒‒‒‒‒‒‒‒ احمدیت کی اشاعت کے لئے اپنے آپ کو اور اپنی اولاد کو وقف کر نارضاء الہی حاصل کرنے کا ذریعہ ہے ( فرمودہ 12 اپریل 1946ء) تشہد، تعوذ اور سورۂ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:۔قادیان کے اور باہر کے سکولوں کے امتحانات یا تو ہو چکے ہیں یا عنقریب ختم ہونے والے ہیں۔ہم نے یہ قانون پاس کیا ہوا ہے کہ مدرسہ احمدیہ میں مڈل پاس لڑ کے لئے جائیں اور چار سال میں وہ مدرسہ احمدیہ کا ابتدائی کورس پاس کر کے پھر جامعہ احمدیہ میں داخل ہوں۔میں نے کئی دفعہ بتایا ہے کہ ہماری جماعت جس حد تک پہنچ چکی ہے وہ ایک ایسا مقام ہے جس میں در حقیقت ہمیں ہندوستان اور اس سے باہر تبلیغ کرنے کے لئے ایک سو مبلغ سالانہ کی ضرورت ہے۔ایک سو مبلغ سالانہ کے معنے یہ ہیں کہ اگر آج سے ایک سو مبلغ ہمیں حاصل ہوں تو دس سال کے بعد ایک ہزار مبلغ ہم کو میسر آسکتے ہیں حالانکہ دنیا کی آبادی اور اس کی وسعت کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ تعداد کچھ بھی چیز نہیں۔در حقیقت دنیا میں صحیح طور پر تبلیغ کرنے کے لئے ہمیں اس سے بہت زیادہ مبلغین کی ضرورت ہے۔مگر کم سے کم ہمارا پہلا قدم اتنا تو ہونا چاہئے کہ ہم ہندوستان اور اس سے باہر تبلیغ کے لئے ایک ہزار مبلغین کا اندازہ رکھیں۔اس وقت ہمارے ہندوستانی اور غیر ہندوستانی مبلغ جہاں تک میں سمجھتا ہوں ساٹھ ستر کے قریب تو افریقہ میں ہیں اور پچیس کے قریب افریقہ کے علاوہ دوسرے ممالک میں ہیں۔