خطبات محمود (جلد 27) — Page 604
*1946 604 خطبات محمود پس جب ہم یہ کہتے ہیں کہ کیا وفات مسیح کا مسئلہ ہی رہ گیا ہے جسے ہر وقت بحث کا موضوع بنایا جائے تو اس کے یہ معنے نہیں ہوتے کہ یہ مسئلہ غیروں میں تبلیغ کے لئے بھی ضروری نہیں۔غیروں میں تبلیغ کا جب بھی موقع آئے گا یہی مسئلہ نہایت ضروری بلکہ اہم ہو جائے گالیکن چونکہ باہر کے کام یعنی تبلیغ کے ساتھ ہمارے اپنے گھر کا کام یعنی تربیت بھی نہایت ضروری ہے اس امر کو ظاہر کرنے کے لئے ہم یہ کہا کرتے ہیں کہ کیا وفات مسیح کی بحث کے سوا اور کوئی کام باقی نہیں رہا۔کیونکہ جب تک تم میں سے ہر شخص سچائی کو اپنے اندر پیدا نہیں کرتا، جب تک تم میں سے ہر شخص لین دین کے معاملات میں ایمانداری سے کام نہیں لیتا، جب تک تم میں سے ہر شخص دیانت پر قائم نہیں ہوتا، جب تک تم میں سے ہر شخص نمازوں اور روزوں کا پابند نہیں ہوتا، جب تک تم میں سے ہر شخص حج اور زکوۃ کے فریضہ کو حسب استطاعت ادا نہیں کرتا، جب تک تم میں سے ہر شخص چوری اور چکاری کو نہیں چھوڑتا اور جب تک تم میں سے ہر شخص ممنوعات شرعیہ سے بچنے کی کوشش نہیں کرتا اس وقت تک تمہاری تربیت مکمل نہیں ہو سکتی اور تمہارے گھر کو صاف نہیں کہا جا سکتا۔ان تمام باتوں پر عمل نہ کرنے کے یہ معنے ہوں گے کہ تمہارا گھر گندہ ہے اور تمہارے گھر میں کئی قسم کی بیماریاں پھیلنے کا خطرہ ہے۔ایک زمیندار باہر سے کتنا بھی غلہ گھر میں لاوے اگر اُس کا گھر گندہ اور خراب ہو جس سے اُس کے بچوں کو سل اور دق کی بیماریاں لگ جانے کا خطرہ ہو تو اس کے زیادہ غلہ لے آنے سے کیا فائدہ ہو سکتا ہے۔کیونکہ غلہ تو سارے کا سارا گھر کے بیماروں کے علاج معالجہ میں صرف ہو جائے گا اور گھر کے مکین بھی برباد ہو جائیں گے۔پس جب ہم یہ کہتے ہیں کہ وفات مسیح کا مسئلہ اہم نہیں ہے تو یہ ہم اپنے گھر کے متعلق کہتے ہیں اور جب ہم یہ کہتے ہیں کہ وفات مسیح کا مسئلہ نہایت اہم ہے تو یہ ہم باہر کے لئے کہتے ہیں اور اس کے یہ معنے ہوتے ہیں کہ گھر کے کام کے علاوہ غلہ بھی پیدا کیا جائے۔ہمارا غیروں میں تبلیغ کرنا ایسا ہی ہو گا جیسے کھیت کی نگرانی کی جائے۔جب کھیت میں ہل چلانے کی ضرورت ہو ہل چلا یا جائے ، جب بیج ڈالنے کی ضرورت ہو بیج ڈالا جائے اور جب پانی کی ضرورت ہو پانی دیا جائے۔اور تربیت کرنا ایسا ہو گا جیسے اپنے گاؤں اور گھر کی صفائی کی جائے، اپنے بچوں کی نگہداشت کی جائے، بیوی اور بچوں کو لباس مہیا کیا جائے اور گھر کی دوسری تمام ضروریات کو