خطبات محمود (جلد 27) — Page 378
*1946 378 خطبات محمود کرے اسی رنگ میں اس کا جواب دیں۔اس وقت مسلمانوں کا فرض ہے کہ وہ اسلام کے لئے اپنی زندگیاں وقف کریں اور اپنے اموال وقف کریں اور ان کو ایسے رنگ میں صرف کریں جن سے اسلام کی عظمت اور شوکت بڑھے اور مسلمانوں کی طاقت مضبوط ہوتی چلی جائے۔اور جس جگہ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول پر حملہ کیا جاتا ہو۔وہاں پہنچیں اور اس کا مقابلہ کریں۔یہ بے شک درست ہے کہ تمام کے تمام لوگ باہر نہیں نکل سکتے اور تمام کے تمام لوگ میدان جنگ میں نہیں جا سکتے لیکن جو لوگ پیچھے رہ جاتے ہیں ان میں سے بعض ہسپتالوں میں کام کرتے ہیں، بعض اپنی فوج کے لئے اشیاء خوردنی کا انتظام کر سکتے ہیں۔بعض اپنی فوج کے لئے گولہ بارود مہیا کر سکتے ہیں۔ایسے کام کرنے والے بھی در حقیقت جنگ میں شامل ہی ہوتے ہیں۔اسی طرح مسلمانوں کا فرض ہے کہ جو لوگ خدمت اسلام کے لئے اپنی زندگیاں وقف کرتے ہیں اور اپنے اموال وقف کرتے ہیں ان کی امداد کریں اور ان کے رستہ میں روک نہ بنیں۔اللہ تعالیٰ نے یہ فیصلہ کر دیا ہے کہ وہ احمدیت اور اسلام کو دنیا میں قائم کر کے چھوڑے گا اور اس کے لئے اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے سامان پیدا کر رہا ہے لیکن ثواب کے مستحق وہی لوگ ہیں جو اللہ تعالیٰ کے اس ارادہ کو پورا کرنے میں اپنی قربانیاں پیش کریں گے اور کوشش کریں گے کہ اللہ تعالیٰ کا یہ ارادہ پورا ہو اور وہ لوگ جو اپنے مصلوں پر بیٹھ کر تسبیحیں پھیرتے رہیں گے اور اس کے غلبہ کے لئے کوشش نہیں کریں گے وہ اپنی بدقسمتی پر آپ مُہر کرنے والے ہوں گے۔پس وہ لوگ جو کہ اسلام کے غلبہ کا حل صرف سیاسی باتوں میں تلاش کرتے ہیں وہ بھی غلطی پر ہیں اور وہ لوگ جو مصلوں پر بیٹھ کر درود و وظائف کرتے رہتے ہیں وہ بھی غلطی پر ہیں۔اسلام صرف اس طرح دنیا میں غالب آ سکتا ہے کہ خدا تعالیٰ کی محبت کو دلوں میں قائم کیا جائے اور اس کے رسول کی محبت کو دلوں میں قائم کیا جائے اور شریعت اسلام کے قیام کے لئے انتہائی کوشش کی جائے۔اور تمام وہ جگہیں جہاں سے اسلام کے خلاف زہر اگلا جاتا ہے وہاں اسلام کا تریاق تقسیم کرنے والے بھیجے جائیں جو ان لوگوں کو اسلام کی حقیقت سے آگاہ کریں اور اسلام کی خوبیاں ان کے سامنے بیان کریں۔اور ہر انسان کی یہ کوشش ہو کہ میرا وجود اسلام کے لئے مفید ثابت ہو۔اللہ تعالیٰ اپنے دین کو غالب کرنے میں کسی کا محتاج نہیں