خطبات محمود (جلد 26)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 451 of 516

خطبات محمود (جلد 26) — Page 451

+1945 451 37 خطبات محمود مختلف علاقوں میں تبلیغ وسیع کرنے کے لئے مختلف زبانوں کے مبلغ تیار کئے جائیں (فرموده 2/ نومبر 1945ء) تشہد ، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا: ہمارا ملک ایک براعظم کی حیثیت رکھتا ہے جس میں 40 کروڑ کے قریب آدمی بستے ہیں اور آٹھ دس ایسی زبانیں بولی جاتی ہیں جو کروڑوں آدمیوں میں استعمال ہوتی ہیں۔مثلاً پنجابی، اردو، انگریزی، ہندی، بنگالی، تامل، مرہٹی، گجراتی یہ آٹھ زبانیں ہیں۔پہلے برماہندوستان میں شامل تھا لیکن اب اسے الگ کر دیا گیا ہے اگر برمی زبان کو بھی شامل کر لیا جائے تو نو زبانیں ایسی ہیں جو کروڑوں لوگوں میں بولی جاتی ہیں۔اس کے علاوہ ایسی زبانیں جو پچاس پچاس، ساٹھ ساٹھ ، ستر ستر ، استی اسی لاکھ تک کی تعداد رکھنے والے آدمیوں میں بولی جاتی ہیں ان کے علاوہ ہیں۔مثلاً سرحد میں پشتو، سندھ میں سندھی، اڑیسہ میں اڑ یہ اسی طرح تلنگو وغیرہ زبانیں جو مدراس، حیدرآباد اور اس کے ملحقہ علاقوں میں بولی جاتی ہیں ایسی ہیں جو چالیس پچاس لاکھ سے لے کر ستر اسی لاکھ تک کی تعداد رکھنے والے لوگوں میں بولی جاتی ہیں۔اور دنیا کی کئی آزاد حکومتیں ایسی ہیں جن کی آبادی اتنی ہی ہے پس ہمارا ملک ایک براعظم ہے اور جہاں باقی دنیا میں تبلیغ کرنا ہمارے ذمہ ہے۔وہاں ہندوستان میں تبلیغ کے سلسلہ کو وسیع کرنا بھی ہمارے اہم فرائض میں شامل ہے۔اردو زبان میں ہم ایک محدود دائرہ میں تبلیغ کر سکتے ہیں۔