خطبات محمود (جلد 26)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 164 of 516

خطبات محمود (جلد 26) — Page 164

+1945 164 خطبات محمود نہیں ملیں۔ان کو ملا کر شاید ڈیڑھ کروڑ کے وعدے ہو جائیں۔مگر میں چاہتا ہوں کہ اس تحریک کو کم سے کم پانچ کروڑ تک پہنچایا جائے۔اگر کسی وقت دو فیصدی کا بھی مطالبہ کیا جائے تو بھی آٹھ ، دس لاکھ روپیہ وصول ہو سکے۔بہر حال جماعت کے ہر دوست کو اچھی طرح سمجھ لینا چاہیے کہ امتحان کا وقت آگیا ہے اس لئے اپنے کو تیار رکھو۔خدا ہی جانتا ہے کہ کب تم میں سے ہر ایک کو بلایا جائے گا خواہ کوئی وقف ہو یا نہ ہو۔جو وقف نہ ہوں گے انہیں اُن کی بیعت کی وجہ سے بلایا جائے گا کہ آگے آؤ۔پس اپنے آپ کو اُس وقت کے لئے تیار کر لو ایسا نہ ہو کہ جب آواز بلند ہو تو کوئی شخص ایسا بھی ہو کہ امتحان میں پورا نہ اتر سکے اور ارتداد یا منافقت کے گڑھے میں جا گرے۔پس اچھی طرح سن لو کہ بلاوے کا وقت آرہا ہے بلکہ شاید آچکا ہے۔گو قطعی طور پر تو میں نہیں کہہ سکتا کہ آچکا ہے۔مگر ایسے سامان ظاہر ہو رہے ہیں کہ جن سے یہ گمان غالب ہے کہ وہ وقت آچکا ہے یا بالکل قریب آرہا ہے۔جب تمام مذاہب پر اسلام اور احمدیت کی طرف سے عام دھاوا بول دیا جائے گا اور شیطان اور خدا تعالیٰ کے فرشتوں میں آخری فیصلہ کن لڑائی ہو گی۔خوش قسمت ہوں گے وہ جن کو اس لڑائی میں اپنی جان اور اپنا مال قربان کرنے کا موقع ملے اور وہ خدا تعالیٰ کے حضور تقرب کے اعلیٰ مقام حاصل کر سکیں۔اور بد قسمت ہے وہ جو اس نایاب اور نادر موقع کو کھودے اور اعلیٰ درجہ کے قرب کا مقام پانے سے محروم رہے۔جس کے انتظار میں اس دنیا کے صلحاء ہزاروں سال سے بیتاب تھے۔“ الفضل مورخہ 14 مارچ 1945ء) 1 : کنگ زوغو : احمد زوغو (1895ء–1961ء) شاہ البانیا 1922ء تا1924ء البانیا کے وزیر اعظم بنے اور 1925ء میں آمر مطلق کا منصب حاصل کر لیا۔1928ء میں بادشاہی کا اعلان کیا ( اردو جامع انسائیکلو پیڈیا جلد اول صفحہ 73 شیخ غلام علی اینڈ سنز چوک انار کلی لاہور )