خطبات محمود (جلد 26) — Page 389
$1945 389 خطبات محمود خدا تعالیٰ کے لئے قربانی کرنے کا ایک اور موقع میسر آ گیا۔ایسے لوگوں کے لئے دوزخ ناممکن ہو جاتی ہے۔کیونکہ جس کو تکلیف میں راحت محسوس ہونے لگ جائے اُس کو دشمن کیا تکلیف پہنچائیں گے۔اگر خدا تعالیٰ جنت میں ڈالے گا تو وہ اس کے لئے جنت ہو گی اور اگر دشمن اسے دوزخ میں ڈالیں گے تو وہ بھی اس کے لئے جنت ہو گی۔اگر وہ اسے کوئی دکھ دیں گے تو وہ اس کے لئے راحت کا موجب ہو گا۔ایسے لوگوں کے لئے خدا تعالیٰ کی طرف سے جب آئے گی جنت ہی آئے گی اور لوگوں کی طرف سے جو دکھ ہوں گے وہ جنت ہی پیدا کریں گے۔یہی لوگ ہیں جن کے ماتھوں پر فتح سوار ہوتی ہے اور یہی وہ لوگ ہوتے ہیں جو اللہ تعالیٰ کے فضلوں کے وارث ہوتے ہیں۔پس جماعت کے لئے ہر نئے تغیر پر ایک نئی قربانی کا سوال پیش آتا ہے اور ہمارے لئے بھی یہی سوال در پیش ہے۔جیسا کہ میں پچھلے خطبات میں بیان کر چکا ہوں۔ایک نیا تغیر پیدا ہونے والا ہے۔اور اس کے ماتحت ہمیں پہلے سے زیادہ قربانیاں کرنی پڑیں گی۔اور شاید قربانیوں کی نوعیت بھی بدل جائے گی۔پس میں جماعت کے مخلصین کو ہوشیار کر دینا چاہتا ہوں کہ وہ مضبوطی کے ساتھ تکالیف اور مصائب کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہو جائیں۔میں انہیں وقت پر ہوشیار کر دینا چاہتا ہوں تاکہ مخلصین اپنی کمر ہمت کس لیں۔اور میں کمزوروں کو بھی کہتا ہوں کہ وہ اپنے دلوں کو مضبوط کرنے کی کوشش کریں۔تا ایسا نہ ہو کہ وقت پڑنے پر وہ کچے دھاگے ثابت ہوں اور اُن کی پچھلی قربانیاں بھی ضائع چلی جائیں۔1 طبقات ابن سعد جلد 3 صفحہ 225 مطبوعہ بیروت 1985 مفہوماً 2 طبقات ابن سعد جلد 3 صفحہ 217 مطبوعہ بیروت 1985ء 3: الانبياء : 70 (الفضل 10 اکتوبر 1945ء)