خطبات محمود (جلد 26)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 42 of 516

خطبات محمود (جلد 26) — Page 42

$1945 42 خطبات محمود جماعت میں کتنے افراد ہیں جنہوں نے یہ کام کیا ہے؟ بہت ہی کم ہیں جنہوں نے اس طرف توجہ کی ہے۔اگر وہ اس طرف توجہ کرتے اور اس طریق پر عمل کرتے تو بہت اچھے نتائج پید اہو سکتے تھے۔آج ہی مجھے ایک احمدی کا خط آیا ہے۔اس نے لکھا ہے کہ آپ کی بات پر عمل کرتے ہوئے میں اپنے رشتہ داروں کے پاس چلا گیا جو دو میاں بیوی تھے۔اور ان سے جاکر کہا کہ میں یہاں سے اُس وقت تک نہیں ہلوں گا جب تک آپ کو ہدایت نہ منوالوں۔اب میں یہاں سے تب جاؤں گا کہ یا تو آپ مجھ پر واضح کر دیں کہ میں غلط راستہ پر جارہا ہوں یا پھر آپ میرے مذہب میں داخل ہو جائیں۔اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ آخر دونوں نے تیسرے دن بیعت کا خط ارسال کر دیا۔پس جب آپ لوگوں کے اندر سنجیدگی پائی جائے گی اور آپ کا رشتہ دار یہ سمجھے گا کہ آپ روحانی طور پر مرنے مارنے پر تلے بیٹھے ہیں تو لازمی بات ہے کہ وہ آپ کی باتوں کو ہنسی مذاق میں ٹالنے کی بجائے ان پر سنجیدگی سے غور کرے گا۔اب تو ایک شخص اپنے رشتہ دار کو تبلیغ کرتا ہے تو تھوڑی دیر اس کی باتیں سننے کے بعد اسے کہہ دیتا ہے کہ اچھا جی جاؤ۔آپ کے لئے آپ کا مذہب اچھا ہے اور ہمارے لئے ہمارا مذ ہب اچھا ہے۔اور اس کے بعد یہ شخص واپس آکر اپنے گھر میں بیٹھ جاتا ہے۔لیکن اگر یہ اپنے رشتہ داروں کے پاس جا کر بیٹھ جاتا اور انہیں کہتا کہ میں کس طرح برداشت کرلوں کہ آپ میری آنکھوں کے سامنے جہنم میں جارہے ہوں اور میں آپ کو بچانے کی کوشش نہ کروں۔یا میں غلط راستہ پر جارہا ہوں اور آپ مجھے بچانے کی کوشش نہ کریں۔پس میرے ساتھ فیصلہ کرو تاکہ جو بھی صحیح راستہ ہے اسے دونوں مل کر اختیار کریں۔اگر اس طرح کیا جاتا تو لازمی بات ہے کہ اس کے رشتہ دار اس کی باتوں پر سنجیدگی سے غور کرتے اور ان باتوں کو سمجھنے کی کوشش کرتے۔اور اس کے بعد یقینی بات ہے کہ انہیں ہدایت نصیب ہو جاتی۔پس ابھی ہماری جماعت میں اس کام کے لئے بیداری پیدا نہیں ہوئی۔اور اس بیداری پیدا نہ ہونے کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ہمارے پاس اتنے مبلغ نہیں جو جماعت کو بیدار کریں اور جو تبلیغ کے لئے نئے نئے رستے تلاش کریں۔اس کے لئے میں نے جماعت کو توجہ دلائی تھی کہ ہر ایک جماعت اپنا ایک ایک آدمی قرآن شریف پڑھنے کے لئے یہاں بھیجے۔