خطبات محمود (جلد 25) — Page 466
خطبات محمود 466 $1944 ہے اس مقام پر پہنچانے والا آپ کا وہ ایثار تھا جو بنی نوع انسان کے لیے آپ سے ظاہر ہوا اور جس کی مثال آدم سے لے کر قیامت تک اور کسی شخص میں نہیں مل سکتی۔اس مقام پر پہنچانے والا آپ کا دین کے لیے اپنے آپ کو اس طرح وقف کر دینا تھا کہ آدم سے لے کر قیامت تک ایسا کوئی شخص پیش نہیں کیا جاسکتا جس نے دین کے لیے اپنے آپ کو رات اور دن اس طرح وقف کر دیا ہو۔یہ اور اسی قسم کی ہزاروں نہیں لاکھوں خوبیاں ایسی ہیں جن میں رسول کریم صلی اللہ علیه و سلم بالکل منفرد ہیں اور کوئی شخص ان خوبیوں اور کمالات میں آپ کی ہمسری کا دعوی نہیں کر سکتا۔مگر مسلمان ان خوبیوں کو تو چھوڑ دیتے ہیں اور بیان یہ کرنے لگ جاتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زلفیں ایسی تھیں اور آپ کا رنگ ایسا تھا اور آپ کا قد ایسا تھا۔اور آپ کی خوبیوں کے متعلق یہ کہتے ہیں کہ آپ نے اپنا عہدہ عشق الہی اور خدمت خلق کے کمال سے حاصل نہیں کیا بلکہ یونہی اللہ تعالیٰ نے آپ کو اس مقام پر کھڑا کر دیا تھا۔ان باتوں کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ جب دشمن کے سامنے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق یہ باتیں بیان کی جاتی ہیں تو وہ ہنستا ہے اور بجائے اِس کے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خوبیوں اور آپ کے کمالات اور فضائل کا اُس پر اثر ہو ، وہ تعجب کرتا ہے کہ کہنے والے کی عقل ہے کو کیا ہو گیا کہ وہ آپ کی ذاتی خوبیاں تو پیش نہیں کرتا بلکہ یہ کہہ کر کہ خدا تعالیٰ نے یو نہی آپ کو اعلیٰ مقام دے دیا تھا آپ کی ذاتی خوبیوں کا انکار کرتا ہے اور وہ خوبیاں پیش کر رہا ہے جن میں آپ کا کوئی دخل نہیں۔یہ خوبیاں کہ آپ کا رنگ ایسا تھا اور آپ کا قد ایسا تھا اور آپ کی زلفیں ایسی تھیں ایسی ہی ہیں جیسے تاج محل کے متعلق کہا جائے کہ وہ بڑا خوبصورت ہے۔بیشک تاج محل بہت خوبصورت ہے مگر کیا تاج محل اپنے اس حسن پر فخر کر سکتا ہے اور کہہ سکتا ہے کہ اس خوبی کے بدلہ میں مجھے بھی جنت میں کوئی اعلیٰ مقام ملنا چاہیے ؟ آخر تاج محل کیوں اپنے ہی حسن پر فخر نہیں کر سکتا اور کیوں یہ مطالبہ نہیں کر سکتا کہ اُسے بھی اس خوبی کی وجہ سے جنت میں جگہ ملنی چاہیے ؟ اس لیے کہ تاج محل کی خوبیاں اس کی ذاتی نہیں بلکہ کسی معمار کی مرہونِ منت ہیں۔ایک معمار نے جس رنگ میں چاہا اسے بنادیا۔معمار نے اُسے تاج محل بناد یا تو وہ تاج محل بن گیا۔اگر وہ اسے معمولی مکان بنادیتا تو وہ ویسا ہی بن جاتا۔اسی طرح ہے