خطبات محمود (جلد 25) — Page 311
خطبات محمود 311 $1944 یہ لوگ بھی وقت آنے پر کبھی کامیاب ثابت نہیں ہوا کرتے۔میں نے جماعت کو اس امر کی طرف پچھلے چند ہفتوں سے توجہ دلائی ہے کہ اسلام کی فتح اور اس کی کامیابی کے لیے جو جنگ ہونے والی ہے وہ اب قریب آرہی ہے اور ہمیں اس کی خاطر قربانیاں کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔اس غرض کے لیے میں نے بعض مالی تحریکیں کی ہیں بعض وقف زندگی کی تحریکیں ہیں اور اسی سلسلہ کی ایک کڑی گو میں نہیں کہہ سکتا کہ وہ تحریک میں نے کی وہ دوسروں کی طرف سے آئی اور میرے دل نے اُس کو قبول کر لیا، کالج کی تحریک ہے۔بعد میں مجھ پر انکشاف ہوا کہ یہ تحریک بھی آئندہ جنگ کی کڑیوں میں سے ک اہم کڑی ہے۔ان تحریکوں کے معنے صرف یہ ہیں کہ ہمیں آئندہ جنگ کے لیے تیار ہو جانا چاہیے۔جیسا کہ میں نے بار ہا بتایا ہے وہ وقت جب اسلام کے لیے مسلمانوں کو فوری طور ہے پر قربانیاں کرنی پڑیں گی اچانک آئے گا مگر جب تک اُس دن کے لیے پہلے سے تیاری نہ کی جائے وہ اچانک آئے یا خبر دے کر آئے ہمیں کوئی فائدہ نہیں ہو سکتا۔تیاری ہی ایک ایسی چیز میں ہے کہ علم کے ساتھ جنگ ہو یا بغیر علم کے جنگ ہو انسان کے کام آیا کرتی ہے۔پس میں نے جو مختلف تحریکات کی ہیں وہ اسی لیے ہیں کہ جماعت کو آئندہ جنگ کے لیے تیار کیا جائے۔میں جانتا ہوں کہ کئی لوگ ایسے ہیں جو کچھ عرصہ کے بعد کہیں گے کہ کچھ بھی نہیں ہوا اُن کے دل بیٹھنے شروع ہو جائیں گے اور وہ سمجھیں گے کہ وہ دن جس کے لیے ہم تیاری کر رہے تھے نہ معلوم آتا بھی ہے یا نہیں آتا۔مگر جب وقت آئے گا ایسے لوگ پیچھے گر جائیں گے۔اسی طرح وہ لوگ جو اس وقت اس آواز کا جواب نہیں دیتے اور سمجھتے ہیں کہ ہم بڑے مخلص ہیں، ہم بڑی قربانی کرنے والے ہیں، ہم بڑا ایثار کرنے والے ہیں جب خدا کی طرف سے آواز آئے گی ہم فورا قربانی کے لیے تیار ہو جائیں گے۔وہ بھی جب وقت آئے گا پیچھے ہٹ جائیں گے اور اسلام کے بہادر سپاہیوں کے ساتھ اپنے قدم ملا نہیں سکیں گے۔صرف وہ منزل مقصود پر پہنچیں گے ، صرف وہ کامیابی کا منہ دیکھیں گے اور صرف وہ اللہ تعالیٰ کے فضلوں کے وارث ہوں گے جو اُس دن کے آنے سے پہلے اس کے لیے تیاری کریں گے اور کرتے چلے جائیں گے زمانہ کا بعد یا زمانہ کا چھوٹا ہونا اُن کی تیاری میں روک نہیں بنتا۔