خطبات محمود (جلد 24)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 102 of 323

خطبات محمود (جلد 24) — Page 102

$1943 102 خطبات محمود دیکھتے ہیں کہ ہمارے لئے ہیں تو بالکل حیران رہ جاتے ہیں۔ہماری مثال بالکل اس شخص کی سی ہے کہ جسے کہا جائے کہ یہ جو ہزاروں عورتیں ہیں ان میں سے تمہارے لئے دلہن منتخب کی جائے گی مگر انتخاب تم نے نہیں کرنا بلکہ اس میں تم دخل بھی نہیں دے سکتے۔تم چپ کر کے بیٹھے رہو ہم خود چنیں گے۔اب وہ شخص بیٹھا ہے ، کبھی کوئی ایسی عورت تجویز کی جاتی ہے جو اُسے پسند نہیں اور کبھی کسی ایسی کو چھوڑ دیا جاتا ہے جسے وہ پسند کرتا ہے اور ان سب باتوں کو دیکھ کر وہ دل ہی دل میں گڑھتا ہے۔اس کی رائے کو اس میں کوئی دخل نہیں حالانکہ فیصلہ اس کے لئے کیا جارہا ہے۔آج بعینہ یہی حالت ہماری ہے۔یہ سارے انقلابات ہمارے لئے ہو رہے ہیں مگر ہمیں خدا تعالیٰ کا یہی حکم ہے کہ چپ کر کے بیٹھے رہو اور دنیا کو یہ سب کچھ کرنے دو اور ظاہر ہے کہ ان حالات میں ہمارے لئے سوائے حیرت کے کچھ نہیں۔میں نے اس سوال پر بہت غور کیا کہ خدا تعالیٰ نے ایسا کیوں کیا؟ ایک طرف تو یہ سارے حالات ہمارے لئے ہیں اور دوسری طرف ہم بالکل بے بس ہیں بلکہ حکم ہے کہ بولنا نہیں۔میں نے ان حالات پر غور کیا تو یہ بات سمجھ میں آئی کہ یہ زمانہ ایسا ہے کہ خدا تعالیٰ کی محبت دلوں میں بہت کم ہے۔اللہ تعالیٰ نے چاہا کہ احمدیوں کے لئے ایسے حالات پیدا کر دے کہ ان کے دل مجبوراً خدا تعالیٰ کی طرف متوجہ ہوں۔ان احمدیوں کے لئے جو صحیح معنوں میں احمدی ہیں۔احمدیوں میں بعض تو ایسے ہیں کہ جو صرف احمدیوں سے مشابہت رکھتے ہیں جیسے انسان نما حیوان ہوتے ہیں۔ان لوگوں کی حالت بالکل یہی ہے کہ کھایا، پیا اور سور ہے۔یازیادہ سے زیادہ کوئی چندہ لینے آیا تو کچھ دے دیا۔ان کی روحیں مردہ ہیں اور انہیں حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور آپ کے مشن سے اس سے زیادہ دلچسپی کوئی نہیں۔وہ بالکل مردے ہیں۔گویا غیر احمدیوں کے قبرستان سے بعض مُردے اٹھا کر احمدیوں کے قبرستان میں ڈال دیئے گئے ہیں۔پس جب میں احمدیوں کا ذکر کرتا ہوں تو میری مراد ایسے احمدیوں سے نہیں ہوتی۔پھر احمدیوں میں بعض ایسے بھی ہیں جو سمجھتے ہیں کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو اللہ تعالیٰ نے عظیم الشان کام کے لئے پیدا کیا ہے مگر ایسا سمجھنے والوں کے بھی آگے دو حصے ہیں۔ایک حصہ تو وہ ہے جو یہ سمجھتا ہے کہ احمدیت کا مقصد صرف یہ ہے کہ دوسروں کے ہاتھوں سے حکومت