خطبات محمود (جلد 23) — Page 36
1942ء 36 ( 5 خطبات محمود خدا تعالیٰ کی حقیقی محبت اور عظمت اپنے دلوں میں پیدا کرو اور اُسے قومی جذبہ بناؤ فرموده 30 جنوری 1942ء) تشہد، تعوذ اور سورہ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:۔ پہلے تو میں گزشتہ جمعہ کے خطبہ کے متعلق کچھ کہنا چاہتا ہوں۔ میں نے گزشتہ جمعہ کے خطبہ میں اس خوف کا اظہار کیا تھا کہ اس سال کے چندہ تحریک جدید کے جو وعدے ہیں وہ بجائے گزشتہ سال سے زیادہ ہونے کے اس وقت کمی پر جارہے ہیں اور جماعت کے دوستوں کو تحریک کی تھی کہ جلد سے جلد اپنے وعدے بھیجوا کر اس کمی کو پورا کر دیں۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے جماعت کو اس بات کی توفیق دی کہ پیشتر اس کے کہ دوسر اجمعہ آئے اس نے گزشتہ کمی بھی پوری کر دی اور گزشتہ سال سے وعدے بھی بڑھ گئے۔ کام کرنے والی قوموں کے لئے یہ اصل مد نظر رکھنا نہایت ضروری ہوتا ہے کہ اس کا ہر قدم پہلے کی نسبت آگے پڑے اور ان کے کام بڑھتے چلے جائیں۔ کام کے لحاظ سے دنیا میں کوئی ایسی قوم نہیں جو کچھ نہ کچھ نہ کرتی ہو۔ لیکن فرق کام کرنے اور نہ کرنے والی قوموں میں یہی ہوتا ہے کہ نکمی قوم ایک جگہ پر کھڑی رہتی ہے یا اس کا قدم پیچھے پڑنے لگتا ہے اور جن کو خدا تعالیٰ نے بڑھانا ہوتا ہے اور جو کام کرنے والی ہوتی ہیں ان کا ہر قدم پہلے سے آگے پڑتا ہے اور اس لئے سلسلہ کے کاموں کے متعلق مجھے ہمیشہ یہ خیال رہتا ہے کہ ہمارا ہر قدم پہلے سے آگے پڑے۔ اور اس وقت تک اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہماری جماعت ترقی کی طرف ہی جارہی ہے۔ کیا بلحاظ تعداد کے اور کیا بلحاظ قربانیوں کے۔