خطبات محمود (جلد 22) — Page 664
* 1941 664 (37) خطبات محمود (1) موجودہ نازک ایام میں خصوصیت سے دعائیں کرو! (2) جماعت احمدیہ قادیان پر مولوی محمد علی صاحب کا بہت بڑا اتہام اور بہتان تشهد (فرمودہ 12 دسمبر 1941ء) تعوذ اور سورۂ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:۔“ یہ ہفتہ اپنے ساتھ پھر بہت سی ہولناک خبریں لایا ہے اور گزشتہ جمعہ اور اس جمعہ کے دوران میں انگلستان اور جاپان کی لڑائی شروع ہو چکی ہے۔ساتھ ہی ممالک متحدہ امریکہ بھی لڑائی میں شامل ہو گئے ہیں۔گویا اب یہ جنگ پچھلی جنگ کی طرح عالمگیر ہو گئی ہے۔چنانچہ اٹلی اور جرمنی نے بھی امریکہ کے خلاف اعلانِ جنگ کر دیا ہے اور امریکہ نے بھی اٹلی اور جرمنی کے خلاف اعلان جنگ کر دیا ہے۔گویا اب ایشیا، امریکہ، یورپ، افریقہ اور آسٹریلیا سارے براعظم ہی اس جنگ میں شریک ہو چکے ہیں۔یہ جنگ اپنی تباہی اور ہولناکی کے لحاظ سے شروع سے ہی پہلی جنگ سے زیادہ تھی کیونکہ جو سامانِ جنگ گزشتہ پچیس سالوں میں ایجاد ہوئے ہیں وہ پہلے نہیں تھے۔کئی نئی قسم کے بارود ایجاد ہوئے ہیں، کئی نئے طریق جہازوں اور شہروں کو تباہ کرنے کے نکالے گئے ہیں۔اسی طرح ٹینکوں اور ہوائی جہازوں میں اس قدر ترقی ہوئی ہے کہ پہلے ٹینکوں اور ہوائی جہازوں کی ان کے مقابلہ میں کوئی نسبت ہی نہیں۔