خطبات محمود (جلد 21) — Page 422
1940ء 421 30 خطبات محمود جو اپنے بزرگوں کی عزت کرانا چاہتے ہیں ان کو چاہیئے کہ دوسروں کے بزرگوں کی بھی عزت کریں (فرمودہ 22 نومبر 1940ء) (غیر مطبوعہ ) تشہد، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا: اس ہفتہ میں بعض ایسے واقعات ہوئے ہیں جن سے ہماری جماعت کے بعض احباب کے دلوں میں بعض حکام یا دوسری اقوام کی نسبت شکوہ پیدا ہوا ہے۔ اس لئے میں آج ان امور کے متعلق اپنے خطبہ میں بعض باتیں کہنی چاہتا ہوں۔ گزشتہ اتوار کو سکھوں کا ایک جلسہ قادیان کے پاس کوئی ڈیڑھ میل کے فاصلہ پر ہوا تھا اور اس جلسہ کے موقع پر ان کی طرف سے ایک جلوس نکالا گیا تھا جو کہ اپنا رستہ چھوڑ کر سٹیشن سے پہلے قادیان میں داخل ہوا پھر جو بڑا ہند و بازار کہلاتا ہے اور جس میں اب بہت سی دکانیں احمدیوں کی بھی ہیں میں سے ہوتا ہوا اس بازار سے جو چھوٹا بازار کہلاتا ہے گزرا اور پھر قصبہ کے اوپر سے ہوتا ہوا اس گلی میں سے جو عام طور پر شیخ یعقوب علی صاحب والی گلی کہلاتی ہے گزرا اور پھر دارالانوار سے ہوتا ہوا جلسہ گاہ کو گیا۔ جب اس جلوس کی تجویز جماعت کو معلوم ہوئی تو جماعت کے ذمہ دار افسروں نے حکام کو توجہ دلائی کہ جن بازاروں میں سے جلوس کو گزارنے کی تجویز ہے وہ اصل رستہ نہیں۔