خطبات محمود (جلد 20) — Page 321
خطبات محمود سال ۱۹۳۹ء علیحدہ کرنے کا آپ نے حکم دے دیا ہے، رشتے ممنوع کر دیئے ہیں اس طرح تفرقہ پیدا ہوتا ہے جس سے کمزوری واقع ہوتی ہے۔جب احمدی دوسرے لوگوں سے میل جول رکھیں گے تو جماعت ترقی کرے گی۔آپ نے جواب دیا کہ آپ لوگ اس نکتہ کو نہیں سمجھتے۔اللہ تعالیٰ نے مجھے آسمان سے دودھ دے کر بھیجا ہے۔دودھ میں تھوڑی سی بھی لسی ملا دی جائے تو دودھ پھٹ جاتا ہے اور آپ لوگ تو مجھے یہ مشورہ دے رہے ہیں کہ تھوڑے دودھ میں بہت سی کسی ملا دوں۔مگر اس نکتہ کو بہت سے لوگ نہیں سمجھتے وہ خیال کرتے ہیں کہ پچاس مخلص تو موجود ہی ہیں اگر ساٹھ اور مل جائیں تو وہ خواہ غیر مخلص ہی ہوں بہر حال اس سے جماعت کا رُعب بڑھے گا اور وہ یہ نہیں سمجھتے کہ ساٹھ غیر مخلصوں کے ملنے سے پچاس مخلصوں میں بھی کمزوری آجائے گی اور ان کی وجہ سے ایسا ماحول پیدا ہو جائے گا کہ آئندہ نسلیں کمزور ہو جائیں گی۔کئی لوگ اخلاص کے ایسے مقام پر ہوتے ہیں کہ ان کا کسی صورت میں گرنے کا اندیشہ نہیں ہوتا۔انہیں بے شک کہیں پھینک دو ان پر کوئی اثر نہیں ہوتا وہ بالکل گناہ پروف ہوتے ہیں۔جس طرح کپڑا واٹر پروف ہوتا ہے اور اس پر پانی اثر نہیں کرتا اسی طرح بعض مومن گناہ پروف ہوتے ہیں ان کو خواہ گناہ کے سمندر میں پھینک دیا جائے وہ صاف کے صاف نکل آتے ہیں مگر کئی مخلص ایسے ہوتے ہیں کہ اگر ان کو کی لمبے عرصہ تک غیر مخلصوں میں چھوڑ دیا جائے تو آہستہ آہستہ ان کا ایمان خراب ہو جاتا ہے۔وہ جب غیروں سے ملتے ہیں تو ان کا نفس ہوشیار ہوتا ہے کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ ہم غیروں سے مل رہے ہیں لیکن جب جماعت کا کوئی غیر مخلص ملتا ہے تو وہ ہوشیار نہیں ہوتے بلکہ سمجھتے ہیں کہ یہ اپنا ہے۔اس لئے دل کا دروازہ کھول دیتے ہیں۔آدمی جب پانی میں غوطہ لگانے لگتا ہے تو اپنا سانس روک لیتا ہے لیکن جو یہ نہ سمجھتا ہو کہ اسے پانی میں پھینکا جانے لگا ہے مثلاً دشمن اسے پانی کی میں پھینکنے لگیں اور وہ سمجھے کہ مجھے ایک خالی گڑھے میں پھینک رہے ہیں تو اسے ضرور غوطہ آئے گا کیونکہ وہ مقابلہ کے لئے تیار نہ ہوگا۔اسی طرح بعض مخلص جب غیروں سے ملتے ہیں تو سمجھتے ہیں کہ ہم گناہ کے سمندر میں غوطہ لگانے لگے ہیں اس لئے اپنا بچاؤ کر لیتے ہیں مگر جب ان لوگوں میں ملتے ہیں جن کو وہ اپنا سمجھتے ہیں تو اپنا ناک بند نہیں کرتے۔نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ ان کو غوطہ آ جاتا ہے، گناہ کا پانی ناک میں پہنچ جاتا ہے اور پھیپھڑوں کو خراب کر دیتا ہے۔