خطبات محمود (جلد 19)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 759 of 948

خطبات محمود (جلد 19) — Page 759

خطبات محمود سال ۱۹۳۸ء اصل قربانی ہے وہ قربانی جو جبر اور زور سے کرائی جائے وہ قربانی نہیں کہلا سکتی۔پس جرمن قوم کی قربانی جرمن قوم کی نہیں کہلا سکتی وہ دراصل اُن افراد کی قربانی ہے جو تمام ملک کو بعض خاص اصول کے ماتحت چلا رہے ہیں۔پس وہ جرمن قوم کی قربانی نہیں بلکہ ہٹلر اور اس کے ساتھیوں کی ہے جو اپنی قوم سے زور اور جبر سے قربانی کرا رہے ہیں اور خود قربانیاں کر رہے ہیں۔پہلے وہ کسی نہ کسی بہانہ سے آگے آگئے اور جب انہیں حکومت پر تصرف حاصل ہو گیا تو انہوں نے جبر سے ایسی طرز پر قوم کو چلانا شروع کیا جس کے نتیجہ میں ان کی قوم کو بہت بڑی ترقی حاصل ہو گئی۔پس اس میں جرمن قوم کی اتنی قربانی نہیں جتنی ہٹلر اور اس کے ساتھیوں کی ہے مگر عملی لحاظ سے جو تکلیفیں انہوں نے اٹھائی ہیں وہ ہماری جماعت نے بالکل نہیں اٹھا ئیں۔انہیں کھانے اور پینے کے متعلق بھی اس قدر پابندیاں برداشت کرنی پڑتی ہیں جس قدر کہ ہم لوگوں کو سارے شعبہ ہائے زندگی میں برداشت نہیں کرنی پڑتیں۔کبھی شکر پر پابندی لگتی ہے، کبھی گھی پر کبھی ترکاریوں پر ، کبھی گوشت پر، کبھی آئے پر اور انہیں وہ پابندیاں برداشت کرنی پڑتی ہیں۔یہاں تک کہ بعض ایام میں ان پر یہ پابندی بھی عائد کی گئی کہ خالص آٹا نہ کھائیں بلکہ اس کے اندر ایک خاص مقدار میں لکڑی کا برادہ ملا کر کھائیں۔انہوں نے یہ سب کچھ برداشت کیا اور بہتوں نے خوشی سے برداشت کیا۔اسی طرح لباس پر پابندیاں عائد ہیں۔حکم دیا جاتا ہے کہ فلاں کپڑا پہننا ہے کہ اور فلاں نہیں پہنا کیونکہ فلاں ملک سے جہاں ممنوع کپڑا بنتا ہے ہمارے تعلقات اچھے نہیں اور معاً تمام ملک کے کپڑے تبدیل ہو جاتے ہیں۔اسی طرح جب مکان تعمیر ہوتے ہیں تو سامانوں کی پر پابندی عائد کر دی جاتی ہے کہ فلاں سامان استعمال کیا جائے اور فلاں سامان استعمال نہ کیا جائے۔غرض رات دن ان کے کھانے پینے ، پہنے اور سونے پر پابندیاں عائد رہتی ہیں۔حتی کہ جرمن حکومت نے کتابوں پر بھی پابندیاں عائد کی ہوئی ہیں کہ فلاں کتابیں پڑھنی ہیں اور فلاں نہیں پڑھنیں اور تمام قوم چُپ چاپ ان پابندیوں کو قبول کرتی چلی جاتی ہے۔پس عملی لحاظ سے ان کی تکلیف بہت زیادہ ہے مگر ان کی مشکلات ایسی ہی ہیں جیسے ایک قیدی کو مشکلات میں ڈال دیا جاتا ہے۔اب ایک قیدی بھی سادہ غذا کھاتا ہے مگر تم کبھی نہیں کہہ سکتے کہ فلاں قیدی نے بڑا ایثار کیا وہ سادہ غذا کھاتا ہے کیونکہ قیدی کو مجبور کر کے سادہ کھانا کھلایا جاتا ہے۔اسی طرح کی