خطبات محمود (جلد 19)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 417 of 948

خطبات محمود (جلد 19) — Page 417

خطبات محمود ۴۱۷ سال ۱۹۳۸ء کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ تم چاہتے ہو کہ دنیا میں جھوٹ پھیلے مثلاً میاں عزیز احمد صاحب کے مقدمہ میں اگر ہم کوئی وعدہ نہ کرتے اور ان کی مدد کرتے تو گو ہمارے لئے جائز ہوتا کہ ثابت کرتے کہ واقعہ ایسا نہیں کہ اس پر پھانسی کی سزا ملے لیکن یہ جائز نہ ہوتا کہ ہم ملزم سے یہ کہلواتے کہ اس نے کوئی حملہ ہی نہیں کیا۔یا یہ کہ اس دن وہ قادیان میں تھا ہی نہیں۔اگر ہم ایسا کہتے تو ہم دنیا کے بھی مجرم ہوتے اور اپنے نفس کے بھی مجرم ہوتے اور خدا تعالیٰ کے بھی مجرم کی ہوتے۔جب ایک واقعہ ہوا ہے تو دیانتداری سے سزا کی نوعیت میں اختلاف ہو سکتا ہے مگر حملے میں اختلاف کرنا جھوٹ اور فریب ہوگا۔پس جس چیز میں ہم اختلاف کر سکتے تھے وہ یہ تھا کہ حملہ کی نوعیت پھانسی والی تھی یا عبور دریائے شور والی یا دس سال قید والی۔کیونکہ قتل کے بارہ میں یہ اختلاف ہوا ہی کرتے ہیں اور قتلوں میں سے کسی قتل کی سزا پھانسی ہوتی ہے، کسی کی عبور دریائے شور ہوتی ہے اور کسی کی دس سال قید ہوتی ہے۔پس ہم جب کسی سے ناراض ہوتے ہیں تو اسی وقت جبکہ اس کی نوعیت کی نسبت ثابت ہوتا ہے کہ وہ جھوٹ کے ساتھ امداد کر رہا ہے یا جھوٹ بلوا رہا ہے۔یا سلسلہ کے وہ کارکن جو اس کے دوست یا رشتہ داروں کے خلاف کارروائی کرتے ہیں انہیں بدنام کرتا ہے لیکن جو سچ سمجھ کر اور سچ کے ساتھ امداد کرے جب تک اس کے رشتہ دار یا دوست کے خلاف فیصلہ نہ ہو جائے ہم اسے حق بجانب سمجھتے ہیں۔ایک شخص کے بیٹے کے خلاف اگر سلسلہ کے محکمہ قضاء میں مقدمہ چلتا ہے اور اس کا باپ دیانتداری سے سمجھتا ہے کہ اس کا بیٹا مجرم نہیں تو میں اسے انتہائی سنگ دل اور شقی القلب سمجھوں گا اگر وہ اپنے بیٹے کی مدد نہ کرے لیکن فیصلہ ہونے کے بعد ہم اس کا فرض سمجھتے ہیں کہ فیصلے کے خلاف منہ سے کچھ نہ کہے اور قاضی پر الزام نہ لگائے کہ اس نے بددیانتی کی۔اگر وہ خود یا اس کا بیٹا دیانتدار ہے تو سلسلہ کے کارکنوں کے متعلق وہ کیوں یہ نہیں سمجھ سکتا کہ وہ بھی دیانتداری سے کام کر رہے ہیں۔پس اسے یہ تو حق حاصل ہے کہ جب تک اس کے خلاف فیصلہ نہیں ہوتا ملزم کی مدد کرے مگر اسے یہ حق حاصل نہیں کہ وہ غلط امدا د یا غلط دفاع کرے۔مثلاً اسے یہ تو حق حاصل ہے کہ وہ سچائی سے کام لے مگر اسے یہ حق حاصل نہیں کہ مقدمے میں جھوٹ بلوانے کی کوشش کرے -