خطبات محمود (جلد 19) — Page 932
خطبات محمود ۹۳۲ سال ۱۹۳۸ ء ایسے بیوقوفوں کی وجہ سے وہ زیادہ ضروری کام چھوڑ دیتے ہیں حالانکہ ایسا نہیں ہونا چاہئے ایسے بے وقوف تو ہمیشہ ہوتے آئے ہیں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں بھی تھے اور آپ سے پہلے حضرت موسیٰ علیہ السلام کے زمانہ میں بھی تھے اور ہمیشہ باقی رہیں گے ۔ جس طرح پاگلوں کو دنیا سے نہیں مٹایا جا سکتا ایسے لوگوں کا مٹایا جانا بھی ناممکن ہے اور اس لئے کہ ایسے بے وقوف اعتراض نہ کریں ناظروں کو بہتر کام چھوڑ کر اپنے لئے نسبتاً معمولی کام تجویز نہیں کرنا چاہئے ۔ اس وقت تک وہ ایسا نہیں کرتے رہے اس کی وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ خیال نہ آیا ہوا اور یہ بھی کہ کام کے لئے آدمی نہ مل سکتے ہوں لیکن اب ایسا کرنے کی کوشش انہیں کرنی چاہیے۔ جو دوست باہر سے آتے ہیں انہیں بھی چاہئے کہ دفاتر میں جا جا کر ناظروں سے ملیں اور دیکھیں کہ کام کس طرح ہو رہا ہے ، کام کی نوعیت کیا ہے، عملہ کتنا ہے اگر دوستوں کو یہ علم ہوا کہ کام زیادہ اور کا رکن تھوڑے ہیں تو ان کے دل میں یہ تحریک ہو سکتی ہے کہ پنشن لے کر یہاں آئیں اور کام کریں۔ اس کے علاوہ بعض وسو سے بھی دور ہو سکتے ہیں ۔ بعض لوگوں کو شکایت ہوتی ہے کہ ہم نے فلاں کام کہا تھا مگر وہ اب تک نہیں ہوا اور حالات کو دیکھ کر ان کا شکوہ دور ہو سکتا ہے اور ناظروں کو بھی چاہئے کہ دن رات کا زیادہ سے زیادہ حصہ ملاقاتوں کے لئے فارغ رکھیں ۔ اگر اس کے ساتھ اور کام بھی وہ اپنے ذمہ رکھیں گے تو نتیجہ یہ ہوگا کہ طبیعت میں چڑ چڑا پن پیدا ہو جائے گا ۔ اگر کوئی کہے کہ ایسا نہیں ہو سکتا تو میں اس بات کو صحیح ماننے کے لئے تیار نہیں ہوں ۔ ایسے حالات میں چڑ چڑا پن پیدا ہونا ضروری ہے۔ ایک شخص آ کر بات کرے گا یہ اسے مختصر جواب دیں گے وہ اس کی مزید وضاحت چاہے گا اور یہ کثرت کار کی وجہ سے یہ کہہ دیں گے کہ آپ تو خواہ مخواہ مغز چاٹ رہے ہیں اور وہ ناراض ہو کر چلا جائے گا ۔ پس چاہئے کہ ناظر دس بارہ گھنٹہ ضرور اپنے دفاتر میں بیٹھے رہیں اور دوستوں کو دعوت دیں کہ آئیں اور ان سے ملاقاتیں کریں اور اس طرح رات دن کا نفرنس میں شریک رہیں ان کو اپنی مشکلات بتائیں تا ان کے اندر زیادہ سے زیادہ تعاون کی روح پیدا ہو۔ پس میں امید کرتا ہوں کہ دوست ان ایام سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے اور ناظر بھی ایسے رنگ میں اپنے اوقات صرف کریں گے جو جماعت کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کا موجب ہوسکیں ۔