خطبات محمود (جلد 18) — Page 27
خطبات محمود ۲۷ سال ۱۹۳۷ء فلاں کام میں نے کر لیا بلکہ وہ یہ بھی دیکھا کرتا ہے کہ آیا میرے دوسرے بھائی نے بھی وہ کام کیا ہے یا نہیں اور وہ تسلی سے نہیں بیٹھتا جب تک سارے لوگ وہی کام نہ کر لیں۔اسی طرح کسی ایک جماعت کو اس بات پر مطمئن نہیں ہو جانا چاہئے کہ اُس نے تحریک جدید میں حصہ لے لیا۔بلکہ اسے اُس وقت تک اطمینان کا سانس نہیں لینا چاہئے جب تک ساری جماعتیں اس میں حصہ نہ لے لیں۔پس میں تمام دوستوں کو اس امر کی طرف توجہ دلاتا ہوں کہ وہ جلد سے جلد وقتِ مقررہ کے اندر اپنی لسٹیں تیار کر کے بھجوا دیں اور اگر انہوں نے اپنی لسٹیں مکمل کر لی ہیں تو انہیں چاہئے کہ وہ اپنی ہمسایہ جماعتوں کی لسٹوں کو مکمل کریں۔اسی طرح جس شخص نے خود تو چندہ لکھوا دیا ہے مگر اُس کے علم میں یہ بات ہو کہ جماعت میں بعض ایسے لوگ ابھی موجود ہیں جو اس تحریک میں حصہ لے سکتے ہیں مگر انہوں نے حصہ نہیں لیا خواہ اپنی غفلت کی وجہ سے یا پریذیڈنٹ اور سیکرٹری کی سستی کی وجہ سے تو وہ اخبار الفضل کے وہ پرچے جن میں تحریک جدید کے متعلق خطبات چھپے ہیں لے لے اور خود ایسے دوستوں کے گھروں میں جا کر انہیں سنائے تا کہ اگر کسی نے اپنی بیماری کی وجہ سے نہ کہ معذوری کی وجہ سے چندہ تحریک جدید میں حصہ نہیں لیا تو وہ اب حصہ لے لے تا اس کی بیماری میں کمی آجائے اور اس کا بدن تندرست ہو جائے۔کیونکہ جیسا کہ میں بتا چکا ہوں تمام مومن آپس میں بھائی بھائی ہیں اور سب ایمانی جسم کا ایک حصہ ہیں۔اس کے بعد میں تحریک جدید کے ایک اور پہلو کے متعلق جس پر مولوی محمد علی صاحب نے گزشتہ ایام میں بعض اعتراضات کئے ہیں، کچھ کہنا چاہتا ہوں۔وہ پہلو تحریک جدید کے کارخانہ جات کا ہے جو بیکاروں اور یتیموں کو کام پر لگانے کے متعلق جاری کئے گئے ہیں۔ان کارخانوں کے اجراء اور یتیموں اور غریبوں کو کام پر لگانے سے مولوی محمد علی صاحب کی رگِ حمیت اتنے جوش میں آئی ہے کہ ان کو یتیموں اور غریبوں کو کام سکھانا بے دینی نظر آنے لگ گئی ہے اور وہ کہتے ہیں اب قادیان میں دین کونسا باقی رہ گیا ہے۔ان کے نزدیک جب ہم یہ کہتے ہیں کہ ہم قیموں اور بیکاروں کو کام سکھائیں گے تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ وہ عام دنیا داروں کی طرح لوہار، ترکھان اور موچی بن جائیں گے اس لئے وہ کہتے ہیں جب لوگ لو ہار ، ترکھان اور موچی بن جائیں گے تو دین کی اشاعت کون کرے گا اور محمد رسول اللہ ﷺ کا کلمہ پڑھانے اور لوگوں کو حلقہ بگوش اسلام بنانے والا کون رہے گا۔