خطبات محمود (جلد 17) — Page 751
خطبات محمود ۷۵۱ سال ۱۹۳۶ جو انہیں برداشت کرنا پڑے گا بلکہ اس سال رمضان بھی ختم ہو چکا ہے گزشتہ تین سالوں میں رمضان کے ایام میں دوسرے لوگوں کو ساتھ لانا مشکل ہوا کرتا تھا کیونکہ ہم جو جلسہ سالانہ کی مذہبی اہمیت سمجھتے ہیں غیر احمدی نہیں سمجھتے تھے اور کہتے تھے کہ ہم جلسہ پر جا کر رمضان کیوں خراب کریں۔مگر اب رمضان کا مہینہ گزر چکا ہے اور جلسہ غیر رمضان میں آئے گا دوستوں کو کوشش کرنی چاہئے کہ اپنے ایسے رشتہ دار یا دوست جو گو احمدی نہیں لیکن شریف اور دیانت دار ہیں انہیں بھی ساتھ لائیں مگر یہ خیال رہے کہ ان لوگوں کی مثال پر عمل نہ کیا جائے جو دوسروں کو اپنے ساتھ لانے کے شوق میں ایسے لوگوں کو بھی لے آتے ہیں جو سلسلہ کے شدید مخالف ہوتے ہیں اور جن کی غرض فتنہ و فساد ہوتی ہے حالانکہ جلسہ سالانہ کے موقع پر ایسے لوگوں کے لانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوسکتا۔ہاں اگر اور موقع پر وہ قادیان آئیں تو انہیں بھی فائدہ پہنچ سکتا ہے لیکن جلسہ سالانہ کے موقع پر ایسے لوگوں کو ساتھ لانا چاہئے جو شریف الطبع اور تحقیق کا شوق رکھنے والے ہوں کیونکہ ان دنوں تمام لوگ مشغول ہوتے ہیں اور صرف وہی لوگ فائدہ اُٹھا سکتے ہیں جو جلسہ سالانہ سے فائدہ اُٹھانے کی اہلیت رکھتے ہوں۔جو لوگ شوخ طبع اور چالاک ہوں ان کیلئے اس بات کی ضرورت ہوتی ہے کہ ان سے پرائیویٹ ملاقاتیں کی جائیں اور بحثیں کی جائیں اور چونکہ جلسہ سالانہ کے موقع پر ان باتوں کیلئے فرصت نہیں ہوتی اس لئے ان ایام میں انہیں ہمراہ لانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوسکتا۔اس کے بعد میں تحریک جدید کی طرف پھر متوجہ ہوتا ہوں۔اول تو میں دوستوں سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ بعض جماعتوں نے اس سال کی تحریک کے متعلق اس لئے کہ ان کی جماعت کا نام جلدی پہنچ جائے نامکمل فہرستیں بھیجنی شروع کر دیں جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ اب ٹکڑے ٹکڑے ہو کر ان کی جماعت کے دوستوں کی طرف سے وعدے موصول ہو رہے ہیں۔اس میں شبہ نہیں کہ جلدی کی نیکی ہی اعلیٰ نیکی ہوتی ہے مگر نامکمل نیکی کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا جو لوگ جلدی مکمل فہرستیں نہ بھیج سکتے ہی تھے ان کیلئے یہی بہتر تھا کہ وہ اپنی جماعت کے باقی ساتھیوں کا انتظار کر لیتے اور مکمل فہرستیں بھیجے۔میں دیکھتا ہوں بعض جماعتوں کی طرف سے پانچ پانچ چھ چھ چٹھیاں آرہی ہیں اور لکھا جا رہا ہے کہ اب ہماری یہ لسٹ ہے اور اب یہ لسٹ ہے۔ایسے لوگ اگر چند دن انتظار کر لیتے تاکہ دوسرے دوست بھی ان کے ساتھ شامل ہو جائیں تو ان کے سابق ہونے میں کوئی فرق نہ آتا۔