خطبات محمود (جلد 16) — Page 82
خطبات محمود ۸۲ سال ۱۹۳۵ء انصار کا خیال تھا کہ خلافت ہمارا حق ہے ہم اہلِ بلد ہیں کم سے کم اگر ایک مہاجرین میں سے خلیفہ ہو تو ایک انصار میں سے ہو ، بنو ہاشم نے خیال کیا کہ خلافت ہمارا حق ہے رسول کریم ﷺ ہمارے خاندان سے تھے اور مہاجرین گو یہ چاہتے تھے کہ خلیفہ قریش سے ہونا چاہئے کیونکہ عرب لوگ سوائے قریش کے کسی کی بات ماننے والے نہ تھے مگر وہ کسی خاص شخص کو پیش نہ کرتے تھے بلکہ تعین کو انتخاب پر چھوڑ نا چاہتے تھے مسلمان جسے منتخب کر لیں وہی خدا تعالیٰ کی طرف سے خلیفہ سمجھا جائے گا۔جب انہوں نے اس خیال کا اظہار کیا تو انصار اور بنو ہاشم سب ان سے متفق ہو گئے مگر ایک صحابی کی سمجھ میں یہ بات نہ آئی۔یہ وہ انصاری صحابی تھے جنہیں انصار اپنے میں سے خلیفہ بنانا چاہتے تھے اس لئے شاید انہوں نے اس بات کو اپنی ہتک سمجھایا یہ بات ہی ان کی سمجھ میں نہ آئی اور انہوں نے کہہ دیا کہ میں ابوبکر کی بیعت کے لئے تیار نہیں ہوں۔حضرت عمرؓ کا اس موقع کے متعلق ایک قول بعض تاریخوں میں آتا ہے کہ آپ نے فرمایا اقْتُلُوا سعدا یعنی سعد کو قتل کر دو۔لیکن نہ انہوں نے خود ان کو قتل کیا نہ کسی اور نے۔بعض ماہر زبان لکھتے ہیں کہ حضرت عمرؓ کی مراد صرف یہ تھی کہ سعد سے قطع تعلق کر لو۔بعض تاریخوں میں یہ بھی لکھا ہے کہ حضرت سعد باقاعدہ مسجد میں آتے تھے اور الگ نماز پڑھ کر چلے جاتے تھے اور کوئی صحابی ان سے کلام نہ کرتا تھا پس قتل کی تعبیر قطع تعلق اور قوم سے جُدا ہونا بھی ہوتی ہے اور ان معنوں کے لحاظ سے میرے متعلق جو خواب دوستوں کو آئے وہ پورے بھی ہو چکے ہیں۔آج مسلمانوں کے ایک طبقہ نے ہمارا بائیکاٹ کیا ہوا ہے اور وہ کہہ رہے ہیں کہ ان کا ہمارے ساتھ کوئی تعلق نہیں اور اس کی تعبیر کے لحاظ سے یہ خواب پورے ہو چکے اور ہمیں انتظار کی بھی ضرورت نہیں۔پس قتل اور موت کی تعبیریں مختلف ہوتی ہیں اور صرف ایک ہی تعبیر ایسی رؤیا کی نہیں ہوتی اور یہ نہیں کہا جاسکتا کہ اس کا ضروری یہی مطلب ہے اور یہ نہیں ہے۔کبھی موت کے معنی موت کے بھی ہوتے ہیں اور کبھی اور میں نے اپنی زندگی میں بیسیوں دفعہ رویا میں دیکھا ہے کہ بعض دانت گر گئے ہیں اور عام طور پر اگر دیکھا جائے کہ دانت گر کر مٹی میں مل گئے ہیں تو اس کی تعبیر موت ہی ہوتی ہے لیکن اگر دیکھا جائے کہ مٹی میں نہیں ملے اور ہاتھ میں یا کسی اور محفوظ جگہ میں ہیں اور صاف ہیں تو اسکی تعبیر لمبی عمر ہوتی ہے کیونکہ دانت عام طور پر لمبی عمر میں ہی گرتے ہیں۔خدا کی قدرت ہے کہ ادھر تو ایسے رویا ہوئے اور ادھر گزشتہ چند دنوں کی بات ہے میرے دانتوں میں ایسا شدید درد ہوا کہ جو پہلے کبھی نہیں ہوا تھا اور اس