خطبات محمود (جلد 16) — Page 395
خطبات محمود ۳۹۵ سال ۱۹۳۵ء بے انتہا ظلم کیا گیا ، ہم نے نرمی اور محبت اور پیار سے اپنے بھائیوں سے کہا کہ دیکھو! یہ طریق تمہارے لئے مناسب نہیں اس کو چھوڑ دو، ہم نے حکومت کے نمائندوں سے بھی کہا کہ اپنے اس رویہ کو ترک کر دیں کہ یہ انجام کے لحاظ سے حکومت کے لئے مفید نہیں ہوسکتا اور پھر ان کی عدم تو جہی پر حکومت کو ان کے افعال کی طرف توجہ دلائی لیکن نہ حکومت نے ہماری بات سنی اور نہ رعایا نے ہماری دردمندانہ باتوں سے نصیحت حاصل کی اس لئے اب وقت آ گیا ہے کہ ہم خدا تعالیٰ کے حضور جھکیں اور اس سے دعائیں کریں کہ اے خدا! انسانی تدبیریں بیکار ہو گئیں تو نے خود ہمارے ہاتھوں کو روکا ہوا ہے ورنہ ہمیں تیری راہ میں جان دینے میں کیا عذر ہے ، تیرا حکم ہے کہ دنیا میں فساد نہ کرو اس لئے ہم فساد نہیں کرتے ، تیرا حکم ہے کہ قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لو اس لئے ہم قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لے سکتے ، تیرا حکم ہے کہ حکومت وقت کی اطاعت کرو اس لئے ہم حکومت وقت کی اطاعت کرتے ہیں ، تو نے ہر طرح سے ہمارے ہاتھوں کو باندھ دیا ہے مگر اے خدا! تو نے ہمارے دلوں کے جذبات اور غیر توں کو نہیں ماردیا ، تیری زمین پر رہتے ہوئے دنیا میں ایک مہذب حکومت کے نمائندوں کے سامنے ہم پر ظلم کئے جاتے اور ہمیں بے انتہا تکالیف کا نشانہ بنایا جارہا ہے، ہم ان کے پاس فریاد کرتے ہیں مگر اے خدا! ہماری کوئی فریاد نہیں سنی جاتی ، اے بے کسوں کے سہارے ، اے نا امیدوں کی امید ! ہمیں حاکم اپنی رعایا میں سے سمجھنے کیلئے تیار نہیں۔اے بادشاہوں کے بادشاہ ! ہم تیرے دربار میں آتے ہیں، تیرے حضورا اپنی عاجزانہ آہیں بلند کرتے ہیں۔ہم پر ظلم اب حد سے بڑھ گیا مَتَى نَصْرُ اللَّهِ مَتَى نَصْرُ اللَّهِ مَتَى نَصْرُ اللهِ۔اے میرے خدا! میں تجھ سے پھر درخواست کرتا ہوں کہ میں کسی شخص کا بدخواہ نہیں، نہ حکومت کا بدخواہ ہوں نہ رعایا کا ، میں پھر تجھ سے درخواست کرتا ہوں کہ ان لوگوں کو ہدایت دے، رعایا کو بھی سمجھ دے کہ وہ تیرے غضب کو اپنے اوپر نہ بھڑکائے اور حکومت کو بھی ہدایت دے کہ وہ عدل وانصاف کے خلاف کارروائیاں نہ کرے لیکن اے خدا! اگر ان میں سے کوئی ایسا ہے جس کے لئے تیرے علم میں ہدایت مقدر نہیں اور وہ شرارت سے ظلم پر آمادہ ہے تو اے خدا! تو اسے ہلاک اور بر باد کر۔آسمانی ہاتھوں سے نہ زمینی ہاتھوں سے فرشتوں کے ذریعہ سے نہ آدمیوں کے ذریعہ سے، اے خدا ! تو پھر وہ قہری نشان دکھا جو نہایت ہی عبرت انگیز ہوں اور وہ لوگوں کو بتا دیں کہ مسیح موعود تیری طرف سے مبعوث ہوا ہے اور بانی سلسلہ عالیہ احمد یہ ایک مقدس اور راستباز انسان تھے اور آپ