خطبات محمود (جلد 16)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 640 of 869

خطبات محمود (جلد 16) — Page 640

خطبات محمود ۶۴۰ سال ۱۹۳۵ء دیر پہلے کندھے سے اُتاری تھی پھر سنبھال لی اور سیدھے رسول کریم ﷺ کے پاس پہنچے اور دروازہ پر دستک دی۔آپ باہر تشریف لائے حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ نے عرض کیا میں نے سنا ہے کہ آپ دعوی کرتے ہیں خدا کے فرشتے آپ پر اُترتے اور خدا کا پیغام دیتے ہیں کیا یہ درست ہے؟ رسول کریم ﷺ نے اس خیال سے کہ یہ پرانے دوست ہیں انہیں ٹھوکر نہ لگے چاہا کہ اپنی صداقت کے پہلے دلائل پیش کریں مگر رسول کریم ﷺ نے جونہی کوئی دلیل دینی چاہی حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ نے کہا میں آپ کو خدا کی قسم دیتا ہوں کہ آپ کوئی اور بات نہ کریں آپ صرف یہ بتائیں کہ کیا آپ کا ایسا دعویٰ ہے؟ رسول کریم ﷺ نے فرمایا ہاں۔حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ نے عرض کیا پیشتر اس کے کہ آپ اپنی صداقت کی کوئی دلیل دیں آپ گواہ رہیں کہ میں آپ پر ایمان لاتا ہوں۔پھر انہوں نے کہا يَا رَسُوْلَ اللہ ! میں دلیلیں سُننا نہیں چاہتا تھا تا کہ میرا ایمان ناقص نہ ہو۔میں نے آپ کی زندگی دیکھی ہوئی ہے اور میں نہیں سمجھ سکتا کہ جس شخص نے چالیس سال تک پاکیزہ زندگی بسر کی ہو اور انسانوں پر جھوٹ نہ بولا ہو وہ خدا کے متعلق کس طرح جھوٹ بول سکتا ہے۔تو استقلال، ہمت ، جرأت، قربانی، ایثار ، عدل اور انصاف ایسی چیزیں ہیں کہ جس انسان میں یہ پائی جائیں اُس کے متعلق انسان شکوک و شبہات میں مبتلا نہیں رہتا بلکہ اس کی عملی زندگی کا خود مداح بن جاتا ہے۔ہزار انسان بھی اگر ایک بات کہیں تو اس میں شبہ ہو سکتا ہے لیکن وہ شخص جس کے متعلق ہمیں تجربہ ہو کہ وہ جھوٹ نہیں بولتا اُس کی بات میں ہم شبہ نہیں کر سکتے تو یہ چیزیں نہایت ضروری ہیں مگر کیا یہ ہم میں پائی جاتی ہیں؟ پہلی چیز قرآن مجید ہے۔میں مانتا ہوں کہ قرآن مجید عربی زبان میں ہے ، میں یہ بھی مانتا ہوں کہ ہمارے ملک کا اکثر حصہ عربی زبان سے ناواقف ہے مگر سوال تو یہ ہے کہ کیا یہ ایسی ناممکن الحصول بات ہے جو کبھی حاصل نہیں ہو سکتی دنیا میں جتنی مذہبی کتابیں ہیں قرآن مجید حجم کے لحاظ سے ان سب سے چھوٹی کتاب ہے۔گو تمام روحانی علوم اس میں پائے جاتے ہیں اور کوئی ایسی ضروری بات نہیں جو اس میں نہ ہو۔مگر یہ حجم میں اتنی چھوٹی کتاب ہے کہ بعض کا تب ایک ایک صفحہ میں تمام قرآن شریف لکھ دیتے ہیں۔کئی لوگوں نے بازوؤں پر تعویذ باندھے ہوئے ہوتے ہیں ان میں ایک صفحہ پر سارا قرآن شریف لکھا ہوا ہوتا ہے تو قرآن مجید کا حجم سب الہامی کتابوں سے چھوٹا ہے۔اناجیل کا حجم بڑا