خطبات محمود (جلد 15)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 141 of 555

خطبات محمود (جلد 15) — Page 141

خطبات محمود ۱۱ سال ۱۹۳۴ء اور جب تک انسان اپنے آپ پر ذمہ داری نہ ڈال لے اور کام کرنے کی عادت پیدا نہ کرے تکلیف محسوس ہوتی ہے لیکن جب عادت ڈال لی جائے تو بوجھ محسوس نہیں ہوتا بلکہ کام کرنا غذا کی طرح ہو جاتا ہے اور بجائے کبیدگی یا مال محسوس کرنے کے بشاشت محسوس ہوتی ہے اور جب بشاشت پیدا ہو جائے تو بوجھ نہیں رہتا بلکہ کام کرنا اسی طرح لذت بخش ہو جاتا ہے جس طرح انسان اپنے بیوی بچوں سے ملتایا اور ضروری فرائض منصبی سرانجام دیتا ہے۔پس احباب کو میں یہ نصیحت کرنا چاہتا ہوں کہ وہ اپنے فرائض کی بجا آوری میں استقلال سے کام لیں۔نہ تو اپنے کاموں کو اتنا کم کریں کہ ان کے دلوں پر زنگ لگ جائے نہ اتنا زیادہ کریں کہ وہ انہیں کرہی نہ سکیں۔میں نے دیکھا ہے بعض کو تبلیغ کرنے کی عادت ہو جاتی ہے۔اور یہی چیزا نہیں سب چیزوں سے زیادہ مرغوب نظر آتی ہے۔اگر مجلس میں باتیں ہو رہی ہوں تو تبلیغی باتوں سے ہی انہیں دلچسپی ہوگی۔ذرا کوئی اور بات چھیڑی جائے فوراً انہیں اباسیاں آنی شروع ہو جائیں گی۔میری مجلس میں ہی کئی قسم کے لوگ آتے ہیں۔بعض کے متعلق دیکھا ہے کہ اِدھر اُدھر کی باتیں ہوتی رہیں تو بڑے متوجہ رہتے ہیں ذرا مذہب کی بات چلے تو انہیں اباسی آنی شروع ہو جاتی ہے۔لیکن جیسا کہ میں نے بتایا ہے، اگر انسان عادت ڈال لے تو وہی کام اس کے سکھ اور آرام کا موجب ہو جاتا ہے اور اسی کی طرف قرآن مجید نے وَالتَّرعَتِ غَرْقًا وَ النُّشِطَتِ نَشْطَاسے میں اشارہ کیا ہے۔جب تک یہ حالت نہ ہو کہ کام میں بشاشت پیدا ہو جائے اُس وقت تک کامیابی نہیں ہو سکتی۔میں امید کرتا ہوں کہ جماعت ان امور کی طرف توجہ کرے گی۔لاہور مرکز ہے اس صوبہ کا جسے خدا تعالیٰ نے اشاعتِ اسلام کیلئے چنا ہے۔پس دوست اپنے اندر چستی پیدا کریں، استقلال، ہمت اور قربانی کی روح پیدا کریں اور خد اتعالیٰ کے دین کے کاموں میں اس سے بڑھ کر لذت محسوس کریں جتنی اپنے بیوی بچوں یا اور ضروری کاموں میں محسوس کرتے ہیں۔میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالی تمام دوستوں کو ان کی ذمہ داریوں کے ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔کیونکہ ذمہ داریوں کے ادا کرنے کے بعد ہی صحیح نیکی اور تقویٰ پیدا ہوتا ہے جس کے نتیجہ میں انسان خدا تعالیٰ کا قرب حاصل کر سکتا ہے۔الفضل ۳- مئی ۱۹۳۴ء) له بخارى كتاب الرقاق باب القصد والمداومة على العمل میں یہ الفاظ آئے ہیں أَنَّ أَحَبَّ الْأَعْمَالِ أَدْوَمُهَا البقرة: ٢٢٠ سے التزعت: ۳۴۲