خطبات محمود (جلد 14) — Page 101
سال ۱۹۳۳ء خطبات محمود جماعت نے اس طرف پوری توجہ نہیں کی۔حفظانِ صحت کا خیال نہ صرف اپنی ذات کیلئے مفید ہوتا ہے بلکہ دوسروں پر بھی اس کا اچھا اثر پڑتا ہے۔بعض لوگ مضبوط ہوتے ہیں اور کئی قسم کی بدعنوانیاں کرنے کے باوجود ان کی صحت میں نمایاں خرابی پیدا نہیں ہوتی۔جس سے وہ خیال کرتے ہیں کہ چونکہ ان پر کوئی بُرا اثر نہیں پڑا اس لئے دوسروں پر بھی کوئی خراب اثر ان کی وجہ سے پیدا نہیں ہو سکتا۔حالانکہ دنیا میں سینکڑوں نہیں ہزاروں آدمی ایسے ہوتے ہیں کہ جن کے اندر بیماریوں کے اثرات موجود ہوتے ہیں۔اور اپنی قوت کی وجہ سے وہ ان کا اثر محسوس نہیں کرتے مگر ان سے ملنے والے ان کے اثرات سے متاثر ہو جاتے ہیں۔یہی وجہ۔ہے محض ہے رسول کریم ﷺ نے جمعہ اور عیدین کے موقع پر فرمایا کہ نہا کر آؤ اچھے کپڑے پہن کر آؤ خوشبو استعمال کرو اور ان امور کی تاکید کی ہے۔آپ خود ہمیشہ غسل کرتے اور دوسروں کو غسل کرنے کی تاکید فرماتے۔خوشبو استعمال کرتے اور دوسروں کو خوشبو لگانے کی تاکید کرتے۔حالانکہ جمعہ یا عیدین کے ساتھ غسل کی کوئی خصوصیت نہیں۔ہر وقت انسان غسل کر سکتا اور ہر وقت خوشبو استعمال کر سکتا ہے۔جمعہ اور عیدین کے ساتھ غسل جو رکھا گیا ہے وہ اس لئے کہ ان موقعوں پر جبکہ اژدہام ہوتا ہے کئی لوگوں کو جلدی بیماریاں ہوتی ہیں، بعضوں کو کھجلی ہوتی ہے، بعضوں کو بغل گند کی شکایت ہوتی ہے، بعضوں کے ہاتھ یا منہ وغیرہ میں بیماری ہوتی ہے، مگر تازہ بتازہ غسل کے ساتھ کچھ عرصہ کیلئے اس قسم کی بیماریاں دب جاتی ہیں۔اور پاس بیٹھنے والے اتنی تکلیف محسوس نہیں کرتے جتنی دوسری صورت میں کرسکتے ہیں۔یا مثلاً رسول کریم ﷺ نے فرمایا ہے کہ مسجد میں گندنان ، پیاز اور لہسن وغیرہ ایسی چیزیں کھا کر مت آیا کرو۔یہ چیزیں اپنی ذات میں مضر نہیں لیکن ان کی بو سے دوسروں کو تکلیف ہوتی ہے۔اور رسول کریم ﷺ نے فرمایا ان کے کھانے سے فرشتے نہیں آتے ہے جس کے معنی یہ ہیں کہ جب کوئی شخص اپنے بھائی کو تکلیف دیتا ہے تو خدا تعالیٰ کے ملائکہ اس سے الگ ہو جاتے ہیں۔یہ ایک مثال ہے جو رسول کریم ﷺ نے دی۔ورنہ اگر کسی کو کوئی ایسی بیماری ہے جس سے بُو پیدا ہوتی ہے اور وہ اس کا وقتی علاج کرکے بھی مجلس میں نہیں آتا تو وہ بھی فرشتوں کی معیت سے محروم رہتا ہے۔عام طور پر میں دیکھتا ہوں ہمارے ملک میں پچانوے فیصدی لوگوں کے منہ سے بدبو آتی ہے۔یہ بدبو کسی بیماری کی وجہ سے نہیں ہوتی بلکہ محض اس بے احتیاطی کی وجہ سے ہوتی ہے کہ وہ کھانے کے بعد گلی نہیں کرتے۔یہ