خطبات محمود (جلد 12)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 495 of 555

خطبات محمود (جلد 12) — Page 495

۴۹۵ ۶۱ خطبات محمود سورۃ فاتحہ میں کامیابی کاگر فرموده ۱۰۔اکتوبر ۱۹۳۰ء) تشهد تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا: سورۃ فاتحہ میں خدا تعالیٰ نے بتایا ہے کہ کامیابی چار باتوں پر منحصر ہے ان میں سے دو باتیں ایسی ہیں جو اللہ تعالیٰ نے اپنے ذمہ لی ہیں اور دو ایسی ہیں جن میں سے آدھی تو بندے کے سپرد کی ہیں اور آدھی اپنے ہاتھ میں رکھی ہیں گویا ایک لحاظ سے چاروں باتیں خدا تعالیٰ نے اپنے ہاتھ میں رکھی ہیں اور ایک لحاظ سے چار اپنے ذمہ اور دو بندے کے ہاتھ میں رکھی ہیں۔پہلی چیز جو کامیابی کے لئے ضروری ہے یہ ہے کہ انسان کے اندر وہ قابلیتیں موجود ہوں جو کامیابی کے لئے ضروری ہیں۔سو اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔اَلحَمدُ لِلهِ رَبِّ الْعَلَمِینَ یعنی ہر چیز کو نشو و نما دیگر ترقی دینے والا اللہ تعالیٰ ہے گویا کامیابی کے لئے جو پہلی چیز ہے اس کے متعلق اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ ہم نے انسان کو دی ہوئی ہے کیونکہ ہم رَبِّ العَلَمِينَ ہیں۔اور ہر چیز جسے ہم نے پیدا کیا ہے اس کی قابلیتیں بھی اس کے ساتھ دی ہیں۔کامیابی کے لئے دوسری چیز یہ ضروری ہوتی ہے کہ انسان کے پاس سامان بھی موجود ہوں۔ایک اچھا نجار یا اچھا لو ہار بغیر اوزاروں کے کام نہیں کر سکتا، عمدہ سے عمدہ اور قابل سے قابل انجینئر بھی چونا اور اینٹ پتھر کے بغیر محل تیار نہیں کر سکتا۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ ہم الرحمن ہیں جس کے معنی یہ ہیں کہ ترقی کے تمام سامان ہم نے مہیا کر دیئے ہیں بلکہ انسان کی پیدائش سے بھی پہلے مہیا کر دیئے ہیں۔