خطبات محمود (جلد 10) — Page 1
1 نئے سال کے لئے چار باتیں (فرموده یکم جنوری 1926ء) تشہد ، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا : اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ جلسہ سالانہ جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی ایک اہم یادگار ہے۔خیر و خوبی کے ساتھ ختم ہوا۔باوجود ان انتہائی درجہ کی مشکلات کے جن کی وجہ سے ظاہری حالات کے ماتحت اس دفعہ جلسہ کا انعقاد بہت مشکل نظر آتا تھا۔خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے اور اس کی مہربانی اور نوازش سے جماعت کو توفیق ملی کہ نہ صرف جلسہ خیر و خوبی سے اپنی ذات میں ہوا۔بلکہ جیسا کہ اندازہ لگایا گیا ہے جلسہ کے اخراجات کا بھی ایسا بوجھ نہیں پڑے گا جیسا کہ گزشتہ سالوں میں پڑا کرتا تھا۔اب نیا سال شروع ہوا ہے اور شروع بھی ایک نہایت مبارک دن سے ہوا ہے یعنی ایسے دن سے شروع ہوا ہے جس میں ایک گھڑی ایسی آتی ہے جب کہ دعائیں خصوصیت سے قبول ہوتی ہیں اور ہمیں اللہ تعالیٰ نے اس بات کا موقعہ دیا ہے کہ ہم اس سال کو ایسی کوشش اور ایسی دعا کے ساتھ شروع کریں کہ اللہ تعالیٰ اس کی ابتدا کو اس کے درمیان کو اور اس کے انتہاء کو ہمارے لئے مبارک کرے۔میں چاہتا تھا کہ آج میں اپنی جماعت کو بعض نصائح اس کے کاموں کے متعلق کروں اور اس کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلاؤں۔لیکن چونکہ جمعہ کا دن جلسہ کے اتنا قریب آیا ہے اور جلسہ میں کام کرنے کا اثر میری صحت اور گال پر بہت پڑا ہے۔اس لئے میں مفصل تقریر نہیں کر سکتا اور اختصار کے ساتھ بعض باتیں بیان کرتا ہوں۔سب سے پہلے تو میں تبلیغ کو لیتا ہوں۔اس کے بغیر ہمیں کوئی کامیابی حاصل نہیں ہو سکتی۔ہماری جماعت اس وقت اتنی قلیل ہے کہ دنیا کی ذمہ داریوں کا جو بوجھ اس کے سر پر ہے اسے اٹھا