خطبات محمود (جلد 10) — Page 238
238 ارد گرد تھے جن میں ہندو بھی تھے۔سن کر حیران رہ گئے۔تو بسا اوقات ایک انسان موت تک بھی اس کو محسوس نہیں کرتا۔پس یہ ایک غلطی ہے کہ اسے ایک حد تک پہنچا کر چھوڑ دیا جائے۔کیونکہ جب نمونہ موجود ہو تو پھر اسے تسلیم کر لینا چاہئے کہ ہدایت تو ہے اس کا اثر تو ہے لیکن ہم محسوس نہیں کرتے۔یہ ممکن نہیں کہ آگ کے پاس بیٹھیں اور گرم نہ ہوں یا برف کے پاس بیٹھیں اور ٹھنڈے نہ ہوں یا سایہ میں بیٹھیں تو خنکی محسوس نہ کریں یا دھوپ میں بیٹھیں تو گرمی کا احساس نہ ہو۔یہ ممکن نہیں کہ سیاہی کو ہاتھ لگائیں اور سیاہی ہاتھ کو لگ نہ جائے یا سرخی کو ہاتھ لگائیں اور سرخی ہاتھ کو نہ لگے۔یہ ہو سکتا ہے کہ نشان ہلکا لگے جو نظر نہ آئے یا پھر آنکھیں ہی اس درجہ کمزور ہوں کہ وہ اس داغ کو دیکھ نہ سکیں۔لیکن یہ ناممکن ہے کہ داغ نہ لگے یا اگر دھوپ یا سایہ میں بیٹھیں تو گرمی اور سردی اپنا اثر نہ کرے۔پس کچی جماعتوں میں داخل ہونے پر ہی اثر شروع ہو جاتا ہے۔خواہ وہ اثر نظر آئے یا نہ آئے یا وہ اثر نہایت ہی خفیف ہو جو محسوس ہو یا نہ ہو لیکن ایسی جماعتوں میں داخل ہونے سے اثر ہوتا ضرور ہے۔ایک دوست کا خط آیا ہے کہ ہم نے اتنا عرصہ تبلیغ کی اور کوئی تبدیلی نہ ہوئی اور اثر ظاہر نہ ہوا۔ہم تبلیغ چھوڑ دیتے ہیں۔کیونکہ ہم نے اصلاح نہیں پائی۔مگر وہ نہیں سمجھتے کہ خود تبلیغ کی توفیق ملنا یہ بھی تو ایک نیکی ہے۔کئی قسم کے لوگ ہوتے ہیں۔ایک بدی کے مرتکب ہوتے ہیں جو اس سے بچتے ہیں ایک دوسروں کو روکتے ہیں۔ایک وہ ہیں جو خود بھی نیکی کرتے ہیں اور دوسروں کو بھی نیکی کی بات بتاتے ہیں۔پھر ان کے اثر بھی الگ الگ ہیں۔ایک وہ ہیں جو ظاہر ہوتے ہیں۔اور ایک وہ ہوتے ہیں جو ظاہر نہیں ہوتے۔تو مختلف قسم کے نشان ہوتے ہیں۔اور مختلف قسم کے اثر اور جو تبلیغ کر رہا ہے۔وہ نیکی کر رہا ہے۔اور یہ فضل ہے جو اس نے محسوس نہیں کیا۔کیونکہ اس کی حسیں اتنی باریک تھیں کہ وہ ان کو محسوس نہیں کر سکا۔اور اس نے صرف اپنے آپ کو دیکھا اور جب اسے اپنے آپ پر کوئی اثر نظر نہ آیا تو کہہ دیا کہ یہ بے اثر شے ہے۔حالانکہ یہ دیکھنا چاہئے کہ ہماری جماعت کے لوگوں پر یہ اثر ہیں یا نہیں۔اگر ہیں تو یقیناً یہ راستہ ٹھیک ہے۔ہماری جماعت میں سے اگر کوئی شخص تبلیغ کرتا ہے اور پھر وہ اس کا کوئی اثر اپنے میں نہیں دیکھتا تو اس کے یہ معنے نہیں کہ یہ کوئی بے اثر چیز ہے۔یا اس سے انسان کے اندر کوئی تبدیلی نہیں ہوتی۔بلکہ اس کے یہ معنے ہو سکتے ہیں کہ ہماری رفتار ست ہے۔کیونکہ اگر ہماری رفتار سست نہ ہو تو